0
Monday 5 Jun 2023 21:12

اسلامی مزاحمتی بلاک جس کی بنیاد شہید قاسم نے رکھی ترقی کی جانب گامزن ہے، حزب اللہ لبنان

اسلامی مزاحمتی بلاک جس کی بنیاد شہید قاسم نے رکھی ترقی کی جانب گامزن ہے، حزب اللہ لبنان
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ لبنان کی اجرائی کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید ہاشم صفی الدین نے جبل عامل میں ایک تقریب سے تقریر کرتے ہوئے کہا: "ہم آج ایک نئے اور روشن مستقبل کے حامل مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ لہذا نہ صرف دفاعی پوزیشن میں نہیں ہیں، جو اپنی جگہ لازمی ہے، بلکہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ شہید قاسم سلیمانی کی جانب سے تشکیل پانے والا اسلامی مزاحمتی بلاک روز بروز ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ایسے مومن مجاہدین کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے جنہوں نے قدس شریف کی آزادی کیلئے فلسطین پر نگاہیں جما رکھی ہیں۔" انہوں نے مزید کہا: "وہ خوف جس میں کسی دن ہم مبتلا تھے، آج غاصب صیہونی رژیم پر طاری ہو چکا ہے اور تل ابیب، حیفا، مغربی کنارے اور صیہونی بستیوں میں قابل مشاہدہ ہے۔ آج یہ خوف میزائلوں اور مجاہدین کے عزم راسخ کے ذریعے ان کے دلوں پر طاری ہے۔ اس وقت ہماری ذمہ داری یہ بنتی ہے کہ ایسا کام کریں جس کے نتیجے میں نیتن یاہو اور تمام صیہونی فوجی اور سیاسی رہنماوں کے دل میں یہ خوف اور پریشانی مسلسل باقی رہے۔"
 
حجت الاسلام والمسلمین سید ہاشم صفی الدین نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی مزاحمت آج ہر وقت سے زیادہ دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، شہید قاسم سلیمانی کو مخاطب قرار دیتے ہوئے کہا: "آج آپ کی بھرپور کوششوں اور شب بیداری کے نتیجے میں اسلامی مزاحمت محفوظ اور طاقتور ہے اور آپ کی تمام آرزووں کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دشمن اس سے خوف زدہ ہیں۔" حزب اللہ لبنان کی اجرائی کمیٹی کے سربراہ نے کہا: "ہم اس پاک اور مقدس سرزمین سے اعلان کرتے ہیں کہ اسلامی مزاحمت فتح یاب ہونے کیلئے تیار ہے اور خدا کے اذن سے فتح یاب ہو کر رہے گی۔" سید ہاشم صفی الدین نے مصر کی سرحد کے قریب ایک مصری فوجی کی مزاحمتی کاروائی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "یہ تبدیلی بہت اہم ہے۔ لبنان، شام، یمن، عراق، فلسطین، مغربی کنارے، غزہ اور ایران میں اسلامی مزاحمتی بلاک تمام اقوام کے دل میں امید کی کرن پیدا کر رہا ہے۔ صیہونی دشمن جان لے کہ وہ وقت گزر چکا ہے جب وہ سیاسی ڈرامہ بازی، دباو، سازباز یا امریکہ سے مدد کے ذریعے اسلامی مزاحمت کو دیوار سے لگایا کرتے تھے۔"
خبر کا کوڈ : 1062122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش