0
Saturday 10 Jun 2023 22:59

پاکستان کی پہلی فضائی ٹیکسی سروس کا آغاز 18 جون سے ہوگا

پاکستان کی پہلی فضائی ٹیکسی سروس کا آغاز 18 جون سے ہوگا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی پہلی فضائی ٹیکسی سروس کا آغاز 18 جون سے ہوگا، اسکائی ونگز کے 2 طیارے کراچی پہنچ گئے۔ کراچی میں افتتاحی تقریب کے بعد پریس کانفرنس کے دوران سی او او اسکائی ونگز عمران اسلم خان کا کہنا تھا کہ ائیرٹیکسی کی سروس حاصل کرنے کے لیے آن لائن ایپلی کیشن چند روز میں دستیاب ہوگی اور 18 جون کو ائیرٹیکسی سروس کا آغاز کردیا جائے گا، ایئر ٹیکسی سروس کے ذریعے ملک بھر کے دورافتادہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر آمدورفت ممکن ہوسکے گی، ائیرٹیکسی کی ٹیک آف اور لینڈنگ کے لیے ملک بھر میں 29 ائیر اسٹرپس موجود ہیں جس میں سے 8 کے قریب مکمل طورپرآپریشنل ہیں۔ عمران اسلم نے کہا کہ اس سروس کے تحت ماضی کے مقابلے میں آدھی قیمت پر سروس مہیا کی جائے گی، فضائی سروس کی ایپلی کیشن بنانے کے لیے ایک غیرملکی اور ایک پاکستانی کمپنی سے رجوع کیا گیا تھا۔ یہ انتہائی مسرت کی بات ہے کہ پاکستانی کمپنی کی تیارکردہ ایپلی کیشن کے نتائج عمدہ رہے، اب اسی پاکستانی کمپنی کی ایپلی کیشن سروس کے لیے استعمال کی جائے گی۔

سی ای او اسکائی ونگز کیپٹن عاصم نواز کے مطابق بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے بھی بزنس میں شمولیت کے لیے رابطے کیے جارہے ہیں، سروس ملک کے نو ہوائی اڈوں اور نجی ائیرپورٹس کے علاوہ رحیم یار خان اور بلوچستان کے لیے آپریٹ کی جائے گی، کچھ عرصے تک سروس کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے گا، آن لائن ٹیکسی سروس کے ذریعے سیکورٹی مسائل سے دوچار بزنس مین اور دیگر افراد بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں سفر کرسکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں ائیرٹیکسی کا تصور نہیں ہے، وہاں لوگوں کے پاس اپنے پرائیوٹ جہاز ہوتے ہیں، اس حوالے سے ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ پاکستان میں ایک سنگ میل ہے، اسکائی ونگز ایوی ایشن کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والے پائیپر اور ڈائمنڈ ساختہ ہوائی جہاز 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ دوران پرواز 14 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1063125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش