0
Friday 21 Oct 2011 01:32

امریکی وزیر خارجہ کی پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات، پاک امریکہ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

امریکی وزیر خارجہ کی پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات، پاک امریکہ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات باالخصوص پاک افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سی آئی اے کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس، جنرل مارٹن ڈیمپسی، امریکی خصوصی نمائندے مارک گراسمین اور امریکی سفیر کیمرون منٹر بھی موجود تھے۔ جبکہ وفاقی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا بھی موجود تھے۔ 
دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی ملاقات ختم، ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کا تعلقات میں تناؤ کم کرنے کے لیئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ دونوں ممالک دو طرفہ اسٹریٹیجک تعلقات بڑھائیں گے۔ میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں کہنا تھا کہ سرحد پار سے پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں پر حملے ہو رہے ہیں، امریکا حملے رکوانے کے لئے اتحادی فورسز پر دباؤ ڈالے، افغانستان کا استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے اور افغانستان میں مفاہمتی عمل کی قیادت افغانستان کو کرنی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مشکلات سے آگاہ ہیں، توانائی سمیت تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کی پناہ گاہیں ختم کی جائیں، دونوں ممالک کے خطے میں امن کے لیئے مفادات مشترکہ ہیں۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے ساتھ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل شجاع پاشا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ موجود تھے جبکہ امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ڈیوڈ پیٹریاس، امریکی افواج کے سربراہ مارٹن ڈیمپسی، پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر، نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور افغانستان مارک گراسمیں شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 107934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش