0
Thursday 18 Apr 2024 12:31

مودی کا 5 اگست 2019ء کا اقدام کشمیریوں کیلئے ایک زلزلہ تھا، محبوبہ مفتی

مودی کا 5 اگست 2019ء کا اقدام کشمیریوں کیلئے ایک زلزلہ تھا، محبوبہ مفتی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کا 5 اگست 2019ء کا غیر قانونی اقدام کشمیریوں کیلئے ایک زلزلہ تھا جس کے جھٹکے ابھی تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع کولگام کے علاقے دیوسر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ کچھ دیر کے آتا ہے اور رک جاتا ہے لیکن 2019ء میں آنے والا زلزلہ ابھی تک نہیں رکا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت ہماری شناخت پر حملہ آور ہے۔ اس کی نظریں ہماری زمینوں اور ملازمتوں پر ہیں لیکن ہم اسے اس کے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے تاہم اس کے لیے ہمیں بھرپور آواز اٹھانا ہو گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہم ہتھیار ڈال دیں اور ہار مان لیں، انہوں نے ہمیں دریا میں دھکیل دیا لیکن ہمارا کام تیرتے رہنا ہے۔ پی ڈی پی کی سربراہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ایک تجربہ گاہ بنا دیا گیا ہے اور اگر آج ہم اپنی آواز نہ اٹھا سکے تو ہم سے سب کچھ چھین لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کیخلاف سوشل میڈیا پر اپنا غم و غصے کا اظہار کرنے والے کشمیری نوجوانوں اور سچ لکھنے پر صحافیوں کے خلاف کالے قوانین پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھارتی پارلیمانی انتخابات قریب آتے ہی نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، ضلع شوپیاں میں حال ہی میں کم از کم دو سو نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1129471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش