0
Thursday 1 Dec 2011 12:30

نیٹو حملہ پر ہیلری کا افسوس کافی، اوباما پاکستان سے معافی نہیں مانگیں گے، امریکہ

نیٹو حملہ پر ہیلری کا افسوس کافی، اوباما پاکستان سے معافی نہیں مانگیں گے، امریکہ
اسلام ٹائمز۔ وائٹ ہاؤس نے پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اوباما نیٹو حملے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر رسمی افسوس بھی نہیں کریں گے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر اوباما نیٹو حملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے وائٹ ہاؤس سے کہا تھا کہ نیٹو حملے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر صدر اوباما کے پیغام سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اسلام آباد سے ویڈیو کانفرنس میں کیمرون منٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکا کیخلاف ناراضگی بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔ واشنگٹن کو اس میں کمی کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، تاہم وائٹ ہاؤس کے مطابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اور دیگر سینئر عہدیداروں کی طرف سے اظہار افسوس ہی کافی ہے۔ اوباما انتظامیہ کے مطابق نیٹو حملے پر امریکی صدر کی طرف سے معذرت ان کی حریف جماعت ریپبلکنز کی صدارتی مہم کیلئے مددگار ہو سکتی ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر اوباما پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر باقاعدہ تعزیت نہیں کریں گے۔ امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ وہائٹ ہاوٴس نے فیصلہ کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے نیٹو حملے میں دو درجن پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر صدر اوباما کم از کم ابھی باقاعدہ تعزیت نہیں کریں گے۔ واشنگٹن میں انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے معذرت کو مسترد کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔ پاکستان میں امریکا کے سفیر کیمرون منٹر نے وہائٹ ہاوٴس کے حکام کے ایک گروپ کو بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے تیزی سے بگڑتے ہوئے تعلقات کو بچانے کیلئے صدر اوباما کا باقاعدہ ویڈیو بیان ضروری تھا۔ اسلام آباد سے واشنگٹن ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں ناراضی حد کو پہنچ گئی ہے اور ضرورت ہے کہ جتنی جلد ممکن ہو امریکا صورتحال پر قابو پائے۔
 دوسری جانب وزارت دفاع حکام کا کہنا تھا کہ جب تک امریکی فوجی تحقیقات یہ فیصلہ نہیں کر دیتیں کہ کیا غلط ہے اور کیا درست، وزارت دفاع کے سینئر حکام اور وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کی جانب سے افسوس کا اظہار کافی تھا۔ اخبار نے اہلکاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کا کہنا ہے کہ کچھ انتظامی مشیر پریشان تھے کہ اوباما کی معافی ان کی صدارتی مہم کیلئے نقصان دہ ہو گی اور ری پبلیکن کو فائدہ پہنچائے گی۔
خبر کا کوڈ : 118903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش