0
Monday 12 Dec 2011 23:57

پنجاب اسمبلی کی نیٹو حملے کیخلاف متفقہ قرارداد منظور، وفاقی حکومت اور فوج کی حمایت

پنجاب اسمبلی کی نیٹو حملے کیخلاف متفقہ قرارداد منظور، وفاقی حکومت اور فوج کی حمایت
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی نے نیٹو حملے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کی حمایت اور فوج سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ قائم مقام سپیکر رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں قواعد و ضوابط معطل کر کے نیٹو کے خلاف قرارداد وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد میں 26 نومبر کو سلالہ چیک پوسٹ پر 24 پاکستانی فوجی افسران اور اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے نیٹو افواج کی مذمت کی گئی۔ قرارداد میں اسے ملکی سالمیت اور آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پوری قوم سراپا احتجاج ہے جبکہ اس سانحے میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا گیا۔ 

متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں وفاقی حکومت کی طرف سے بون کانفرنس کے بائیکاٹ، شمسی ائیر بیس خالی کرانے اور نیٹو سپلائی کو بند کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان فیصلوں کو قومی امنگوں کے مطابق قرار دیا گیا۔ قرارداد میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کی امریکہ نواز پالیسیوں کو ختم کرنے کا اعلان کر دیتی تو سلالہ اور ڈرون حملوں جیسے واقعات نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کی قرارداد جارح قوتوں کے خلاف اعلان جہاد ہے، کہ اندرونی اختلافات کے باوجود تمام سیاسی جماعتیں ملکی سلامتی پر اکٹھی ہیں۔
 
قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اتحادی ہونے کے باوجود نیٹو حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور دھوکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اقدامات قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں تعینات فوجیوں کے ائیر فورس سے روابط ہیں، کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔
 
مسلم لیگ ق کے پارلیمانی لیڈر چوہدری ظہیرالدین خان نے کہا کہ منتخب حکومت نے امریکی حکومت اور فوج سے محاذ آرائی چھیڑ کر پارلیمنٹ کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ جس کے لئے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ستائش کے مستحق ہیں۔
 
متحدہ مجلس عمل کے پارلیمانی لیڈر حیدر علی نور خان نیازی نے کہا کہ ملک کو امریکی غلامی سے نکالنا ضروری ہو گیا ہے۔ نیٹو سپلائی مستقل طور پر بند کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان وعدے کے مطابق ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی صورت میں ڈرون طیار ے اور نیٹو ہیلی کاپٹرز کو مار گرائیں۔

اجلاس میں بہاولنگر سے مسلم لیگ ق کے احسان الحق چوہدری اور ساہیوال سے مسلم لیگ ن کے پیر خضر حیات کھگہ نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ اراکین اسمبلی نے نیٹو حملے میں شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بیوہ بیگم نصرت بھٹو کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی جبکہ صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑہ کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔ 
وقفہ سوالات میں اقلیتی اراکین کی طرف سے غیر مسلموں کے نام پر شراب فروخت کے لائسنس جاری کرنے پر احتجاج کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسیحیت میں شراب نوشی حرام ہے۔ کورم پورا نہ ہونے پر اسمبلی کا اجلاس منگل کی صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 121683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش