0
Thursday 26 Jan 2012 03:17

امام حسین ع حریت پسندوں کے سردار اور مومنین کے رہبر ہیں، سید جواد نقوی

امام حسین ع حریت پسندوں کے سردار اور مومنین کے رہبر ہیں، سید جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ 61 ہجری یوم عاشورہ امام حسین ع کی وہ قربانی آج بھی ہمارے لئے ترو تازہ ہے، ہر سال ماہ محرم میں عزادار ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ امام ع کا غم مناتے ہیں، کیونکہ یہ امام حسین ع کا مقدس خون ہے جو لوگوں میں ایک حرارت پیدا کرتا ہے، چودہ سو سال سے یہ ہی امام ع کا پاکیزہ خون انسانیت کو نجات دلاتا آیا ہے، ہر دور میں جب بھی کسی ظالم و جابر انسان نے مقدسات دین کو پامال کرنے یا معصوموں پر ظلم برپا کرنے کے لئے سر اُٹھانے کی کوشش کی تو حسینیت ع نے اُس کا سر دبا دیا، یہی وجہ ہے کہ ہر دور کے ظالم نے عزاداری سید الشہدء ع پر پابندی لگانے کی کو شش کی مگر وہ کبھی اپنے اس مکروہ عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکا، کیونکہ عزاداری امام حسین ع ہمیشہ اسلام کی بقاء اور دشمن اسلام کے خلاف بغاوت کرنے کے ساتھ موت سے لڑنے اور حریت کا درس دیتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار جامعہ کراچی میں دفتر مشیر امور طلبہ و آئی ایس او کی جانب منعقدہ سالانہ یوم حسین ع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ مقررین میں حجتہ السلام مولانا سید جواد نقوی، مفتی ارشاد سعیدی ( صدر تحریک منہاج القرآن سندھ )، سید رحمان شاہ ( مرکزی صدر آئی ایس او ) اور پُرو وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکڑ ناصر الدین خاں صاحب شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ کربلا ایک حادثہ نہیں ہے بلکہ آئین زندگی، انسان فطرتاً آزاد پیدا ہوا ہے اور غلامی سے دور بھاگتا ہے، امام حسین ع نے کربلا میں اپنا اور اپنے انصار و اقرباء کا سر کٹوا کر انسان کو آزادی دلائی اور ساتھ ہی غلامی سے نجات حاصل کرنے کا راستہ بھی واضع کر دیا۔

مقررین نے کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج پھر ہر ارض، ارض کربلا ہے اور ہر گام مثلِ عاشورا ہے، آج کے دور کا یزید انسانیت کے اقدار کو پامال کرنے کے ساتھ اُسے اپنی غلامی میں لینے کا منصوبہ بنا رہا ہے، آج کے دور کا یزید اسلحہ و بارود کے ساتھ ساتھ مسلمانانِ عالم پر ثقافتی حملہ بھی کر رہا ہے، کبھی وہ امداد کی صورت میں ہمیں اپنا غلام بنانے کی کوشش کرتا ہے تو کبھی دور جدید میں اپنا مواصلاتی و تعلیم نظام دے کر ہمارے نوجوانوں اور دانشوروں کے ذہنوں کو اپنا غلام بنا رہا ہے اور بات یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ استعمارِ وقت امریکا، اسرائیل و برطانیہ عالم اسلام کے خلاف مشترکہ محاذ میں برسر پیکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پھر وقت کی ضرورت ہے کہ کوئی مثلِ حسین ابن علی ع میدان میں آئے اور باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جامعات میں ضرورت ہے کہ امام حسین ع کے نام سے ایک فیکلٹی قائم کی جائے جہاں واقعہ کربلا اور امام حسین ع کی تحریک کربلا کے حوالے سے بغور مطالعہ کیا جائے، کیونکہ واقعہ کربلا حقیقی اسلام محمدی کا آئینہ ہے اور آج ملک خداداد پاکستان میں اس کی اشد ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 133184
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش