0
Saturday 28 Jan 2012 18:12

عید میلاد النبی پر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، القاعدہ کا اہم رہنما عمر السلفی گرفتار

عید میلاد النبی پر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، القاعدہ کا اہم رہنما عمر السلفی گرفتار
اسلام ٹائمز۔ بارہ ربیع الاول کے موقع پر کراچی شہر میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، حساس ادارے نے القاعدہ کے اہم رہنما کو حراست میں لے لیا، ملزم کی نشاندہی پر طارق روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس کے علاقوں میں مزید کارروائی کر کے 4 افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ منظور وسان نے 2 روز قبل انکشاف کیا تھا کہ بارہ ربیع الاول کے موقع پر شہر میں دہشت گرد بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پولیس اور حساس اداروں کو الرٹ کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایک حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر ملیر کے علاقے میں کارروائی کر کے ایک غیر ملکی باشندے عمر السلفی کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے القاعدہ کا لٹریچر، 3 لیپ ٹاپ، اہم مقامات کے نقشے اور دیگر سامان برآمد کر لیا، ملزم کو مزید پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم القاعدہ کا اہم رہنما ہے اور یمنی باشندہ ہے ملزم کو موبائل فون اور ای میل کے ذریعے ٹریس کیا گیا تھا۔ ملزم 7 ماہ سے شہر میں روپوش تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی شہر میں موجودگی کا انکشاف کیا ہے جس پر ہفتہ کی صبح حساس اداروں نے طارق روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس کے علاقوں میں کارروائیاں کر کے مزید 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان کو تفتیش کے لئے اسلام آباد لے جایا جائے گا جہاں ان سے اعلیٰ حکام چھان بین کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ شبہ ہے کہ ملزمان 12 ربیع الاول پر شہر میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ 
خبر کا کوڈ : 133730
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش