0
Monday 13 Feb 2012 10:25

وزیراعظم نے چارج شیٹ کو مسترد کر دیا، عدالت کا شہادتیں پیش کرنے کا حکم

وزیراعظم نے چارج شیٹ کو مسترد کر دیا، عدالت کا شہادتیں پیش کرنے کا حکم

اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان نے سپریم کورٹ کے عاید کردہ الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سات رکنی بینچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران  وزیراعظم پر فرد جرم عاید کی۔ جسٹس ناصر الملک کے حکم پر اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق نے دو صفحات پر مشتمل چارج شیٹ پڑھ کر سنائی۔ عدالت نے وزیراعظم سے استفسار کیا کہ کیا آپ ان الزامات کو مانتے ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے عدالت کو جواب دیا کہ میں ان الزامات کو نہیں مانتا۔ وہ باقاعدہ کٹہرے میں کھڑے ہوئے۔ وزیراعظم کو آئندہ سماعت میں شہادتیں پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم اپنی گاڑی جی ٹی 069 چلاتے ہوئے عدالت پہنچے، اتحادی جماعتوں کے لیڈران، وزراء اور دو صوبوں کے گورنر وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ اسلام آباد میں انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔ فضائی نگرانی کے لئے ہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے۔ اسلام آباد کے پانچ داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کی جاتی رہی۔ اعتزاز احسن نے 24 فروری تک کا وقت مانگا ہے۔ عدالت نے 27 اور 28 فروری کو شہادتیں ریکارڈ کروانے کی اجازت دے دی ہے۔ توہین عدالت کیس کی سماعت 22 فروری تک ملتوی ہو گئی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے سات رکنی بنچ نے این آر او کیس کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے اور سوئز عدالتوں کو خط نہ لکھنے پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے، تاہم وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے فرد جرم کی صحت سے انکار کیا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی توہین عدالت کیس میں آج دوسری مرتبہ عدالت عظمٰی کے سات رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔ بینچ کے سربراہ جسٹس ناصر الملک نے ویراعظم کیخلاف الزامات پڑھ کر سنائے جس پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے وزارت قانون اور قانونی ماہرین نے انھیں جو رائے دی، انھوں نے اس پر عمل کیا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد انہیں آئندہ سماعت پر حاضری سے مستثنٰی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ مقدمے کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق کو پراسیکیٹوٹر جنرل مقرر کرتے ہوئے انہیں 16 فروری کو دستاویزات اور 27 فروری کو شہادتیں جمع کرانے کی ہدایت جاری کی ہیں۔

خبر کا کوڈ : 137380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش