0
Sunday 4 Mar 2012 14:57

میر واعظ عمر فاروق کا آستانہ عالیہ خانیار میں اجتماع سے خطاب

میر واعظ عمر فاروق کا آستانہ عالیہ خانیار میں اجتماع سے خطاب
اسلام ٹائمز۔ میر واعظ عمر فاروق نے حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی کے عرس پاک کی مناسبت سے آستانہ عالیہ خانیار میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نئی نسل کی طرف سے غیر اسلامی رسوم و رواج کے بڑھتے ہوئے رحجان پر انتہائی گہری فکر و تشویش کا اظہار کیا جبکہ کشمیری سماج کو ان برائیوں سے پاک و صاف کرنے کیلئے تمام مسلمانوں خاص طور پر ملت کے جوانوں، والدین اور خاندان کے سرپرستوں کو آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ تفصیلات کے مطابق حضرت شیخ سید عبد القادر جیلانی کے عرس پاک کی مناسبت سے قدیم تاریخی آستانہ عالیہ خانیار میں عقیدت مندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے دینِ اسلام کے اُس بلند پایہ داعی دین حنیف، ولیِ کامل، مبلغ اعظم اور مصلح اُمت کو بھرپور الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حضرت محبوبِ سبحانی کی عظیم اور جلیل القدر شخصیت اور تاریخ ساز دینی، دعوتی اور اصلاحی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ 

  میر واعظ نے کہا کہ حضرت پیرانِ پیر کی شخصیت ایک مکمل روحانی اور پُر عزیمت عملی شخصیت تھی، جنہوں نے اپنے ایمان و یقین، اخلاص و للھیت، ریاضت و مجاہدہ اور عزم اور استقلال کی دولت کے ساتھ ساتھ دعوتِ دین اور خالص عقیدئہ توحید کی نشر و اشاعت کا جو فریضہ انجام دیا، وہ سنہرے حروف سے لکھنے کے قابل اور ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حضرت شیخ کامل نے لاکھوں بندگانِ خدا تک اسلام کا آفاقی پیغام پہنچایا اور دوسری طرف اصلاح باطن اور تزکیہ نفوس کی بھاری ذمہ داریاں بھی بہ احسنِ وجوہ انجام دیکر ایک با ضمیر اور صالح مسلم معاشرہ قائم فرمایا، جس کے سبب آج بھی دنیائے اسلام حضرت شیخ کا نام انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ لے رہی ہے اور تاقیام قیامت حضرت کی دینی و دعوتی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ 

میر واعظ نے کہا کہ حضرت غوثِ پاک کو خراج عقیدت ادا کرنے اور عرس منانے کا حق تبھی ادا ہو سکتا ہے جب ہم حضرت کے اہم دینی مشن عقیدئہ توحید کی آبیاری اور سنت رسول مقبول ص پر عمل آوری کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنے کے ساتھ ساتھ آج از سرِ نو اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر روز اول سے بزرگوں اور اولیائے کرام کی پاکیزہ سرزمین رہی ہے اور یہاں کے لوگ شروع سے ہی مذہب پسند رہے ہیں، لیکن بدقسمتی سے اب مجموعی طور پر دینی حالت روز بہ روز ابتر ہوتی جا رہی ہے اور نوجوان طبقہ بے دینی کا شکار ہو رہا ہے۔ 

  انہوں نے کہا کہ کشمیری معاشرہ کی افسوسناک صورتحال خاص طور پر نئی نسل کی، روز بہ روز دین سے دوری، بے دینی اور ارتداد اور اسلامی تعلیمات سے غفلت، اسلامی شعائر سے بے اعتنائی، عقائد و اعمال میں فساد اور بگاڑ اور غیر اسلامی رسوم و رواج کے بڑھتے ہوئے رحجان پر انتہائی گہری فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری سماج کو ان برائیوں سے پاک و صاف کرنے کیلئے تمام مسلمانوں خاص طور پر ملت کے جوانوں والدین اور خاندان کے سرپرستوں کو آگے بڑھنے کی تلقین کی اور اس حوالے سے انہیں اپنی بنیادی ذمہ داریوں اور فرائض کا احساس دلایا۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر میر واعظ کے ہمراہ لوگوں نے حضرت شیخ کے تئیں اجتماعی نذرانہ عقیدت پیش کئے اور بارگاہ خداوندی میں اسلام کی سربلندی، وطن کی آزادی اور حضرت شیخ کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دُعائیں مانگی۔
خبر کا کوڈ : 142799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش