0
Sunday 18 Mar 2012 21:54

دو تہائی امریکی شام پر فوجی حملے کے مخالف

دو تہائی امریکی شام پر فوجی حملے کے مخالف
اسلام ٹائمز- خبر آن لائن کے مطابق امریکی شہریوں کی اکثریت شام کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کے حق میں نہیں۔ عرب حکمرانوں کے برعکس جو شام میں لیبیا طرز کے فوجی آپریشن پر اصرار کر رہے ہیں، نہ وائٹ ہاوس اور نہ ہی امریکی معاشرے میں کوئی اس آپشن کی حمایت کرتا نظر نہیں آتا۔ معروف امریکی تحقیقاتی ادارے Pew Research Center for the People & the Press کی جانب سے انجام پانے والے ایک تازہ ترین سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دو تہائی امریکی شہری شام میں امریکہ کی فوجی مداخلت کے حق میں نہیں ہیں۔
شام کے بعض سرحدی قصبوں میں حکومت مخالف مسلح جھڑپوں کو شروع ہوئے تقریبا ایک سال گزر چکا ہے۔ یہ علاقے اسد خاندان کے مخالفین کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔ بعض مغربی ذرائع ابلاغ نے اس ایک سال کے دوران دونوں طرف سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار تک بیان کی ہے۔ شام کے اندرونی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ اس تعداد کی رسمی طور پر تائید کیا جانا ممکن نہیں۔
امریکی تحقیقاتی ادارے کی سروے رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ نائن الیون کے بہانے افغانستان پر امریکہ کے فوجی حملے کے دس سال بعد امریکی شہریوں کی سوچ کس قدر تبدیل ہو چکی ہے۔
یاد رہے امریکہ کے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے سنیٹر جان مک کین نے حال ہی میں امریکی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ شام کے خلاف فوجی آپریشن کرے۔ اس سروے رپورٹ سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ جان مک کین کس قدر اپنے شہریوں کی سوچ سے بے خبر ہیں۔ 62 فیصد امریکی شہری شام پر فوجی حملے اور خطے میں نئی جنگ کے آغاز کے مخالف ہیں۔ یہ امریکی شہری شام میں حکومت مخالف مسلح گروہوں کی فوجی اور مالی مدد کرنے کے بھی مخالف ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکہ کی دونوں سیاسی جماعتوں ریپبلکن پارٹی اور ڈیموکریٹک پارٹی کے حامی افراد یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ امریکہ کو دنیا کے ہر مسئلے میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے لہذا شام پر فوجی حملہ کرنے یا حکومت مخالف مسلح گروپس کی فوجی اور مالی مدد کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کے درمیان اگر کوئی اختلاف پایا جاتا ہے تو وہ افغانستان سے فوجی انخلاء کے بارے میں ہے۔ 69 فیصد ڈیموکریٹس افغانستان سے امریکہ کے فوری فوجی انخلاء کے حق میں ہیں جبکہ صرف 41 فیصد ریپبلکنز یہ خیال کرتے ہیں کہ امریکہ کو جلد از جلد افغانستان سے نکل جانا چاہئے۔ ان دونوں سیاسی جماعتوں سے ہٹ کر دو تہائی امریکی شہریوں کی رائے بھی یہ ہے کہ امریکہ کو فوری طور پر افغانستان سے نکل جانا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 146625
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش