0
Monday 19 Mar 2012 00:59

امریکہ سے مرعوب ہوئے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد ہونا چاہیئے، شاہ محمود قریشی

امریکہ سے مرعوب ہوئے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد ہونا چاہیئے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ملکی ضروریات کے لئے ناگزیر ہے۔ امریکی دھمکیوں سے مرعوب ہوئے بغیر اس پر عملدر آمد ہونا چاہیئے۔ لاہور پریس کلب میں متحدہ آرائیں فاونڈیشن کے صدر طاہر محمود، سجاد ناصر اور دیگر کارکنوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی صنعت اور عوام کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے۔ جسے پورا کرنے کے لئے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کا درست فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دھمکیوں سے مرعوب ہونے کی ضرورت نہیں۔ بدامنی کی وجہ سے افغانستان کے راستے ترکمانستان سے گیس پائپ لائن لانا قابل عمل نہیں، جبکہ بارڈر ملنے کی وجہ سے ایران کے ساتھ یہ منصوبہ با آسانی مکمل کیا جا سکتا ہے۔ 

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ سرکاری ڈس انفارمیشن سیل ان کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے حوالے سے افواہیں پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو اقتدار میں آنے کے لئے کسی ادارے کی بیساکھیوں کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ راتوں رات سیاسی جماعتیں اور اتحاد بنا کر اقتدار ان کے حوالے کر دیا گیا، لیکن تحریک انصاف نے 15 سال کی محنت کے بعد مشکل مگر جمہوری راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ عناصر تحریک انصاف کے بارے میں پراپیگنڈہ کر رہے ہیں، سرکاری ڈس انفارمیشن سیل ان کے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کے حوالے سے افواہیں پھیلا رہا ہے۔
 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس خط لکھنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم قانونی طور پر ماننا ضروری ہے۔ وزیراعظم اپنی سیاسی ضروریات کے تحت دو اداروں میں محاذ آرائی پیدا کر رہے ہیں۔ سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عدلیہ کے بارے میں جو تضحیک آمیز جملے استعمال کر رہے ہیں۔ وہ ان کے منصب کے شایان شان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صدر کا استشنٰی چاہتی ہے تو سپریم کورٹ سے رجوع کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ اس کیس کو کسی نتیجے پر پہنچنے دینا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کے ساتھ بہت مذاق ہو چکا، اب حکومت یہ ڈرامہ بند کرے۔
خبر کا کوڈ : 146655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش