0
Thursday 29 Mar 2012 10:40

کراچی کا امن ایک سازش کے تحت تباہ کیا جا رہا ہے، ثروت اعجاز قادری

کراچی کا امن ایک سازش کے تحت تباہ کیا جا رہا ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان سنی تحریک پاکستان کی سالمیت، قرآن و سنت کی حکمرانی اور تحفظ نظریہ پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ کچھ کالعدم تنظیمیں جن پر حساس اداروں نے پابندی لگائی تھی، نام بدل کر کام کر رہی ہیں انہیں کام سے روکا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دہشت گردی، کرپشن، فرقہ واریت سے آزاد پاکستان ہو اور اس کیلئے ہم نے کام شروع کر دیا۔ کراچی کا امن ایک سازش کے تحت تباہ کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں حالیہ فسادات، قاتل کا پتہ چلنے کے بعد نہیں ہونے چاہئیں تھے۔ کراچی میں امن اسی صور ت میں ہوگا جب پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر وہاں آپریشن کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی اخبار کے دفتر میں گفتگو کے دوران کیا۔ 

کراچی میں ہونے والے حالیہ فسادات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو افراد کے قاتل کی شناخت ہو گئی تھی۔ اس کے باوجود پورے شہر کو آگ لگا دی گئی جو قابل مذمت بات ہے۔ کراچی کے ہنگاموں کے دوران پولیس اور رینجرز نے بھی روایتی غفلت کا مظاہرہ کیا۔ جب تک کراچی میں دہشت گردوں کی پشت پناہی ختم نہیں کی جاتی اس وقت تک وہاں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ کراچی کے مسئلے پر تمام پارٹیوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالیہ ہنگاموں کی ذمہ دار کور کمیٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ المیہ ہے کراچی میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کسی ایک دہشت گرد کو بھی سزا نہیں ہوئی۔ کراچی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے، ملکی سالمیت اور قرآن و سنت کی حکمرانی کیلئے سنی تحریک نے سیاست میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے 25مارچ کو لاہور سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کا منشور ایمان بالقلب، اقرا، حقوق العباد، میثاق مدینہ اور خطبہ حجةالوداع کے پانچ نکات پر مشتمل ہے۔
خبر کا کوڈ : 148892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش