0
Thursday 5 Apr 2012 15:40

خودکش حملے میں کالعدم تحریک طالبان ملوث ہے، راؤ انوار

خودکش حملے میں کالعدم تحریک طالبان ملوث ہے، راؤ انوار
اسلام ٹائمز۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا ہے کہ خودکش حملے میں کالعدم تحریک طالبان ملوث ہے۔ خودکش حملے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میں خیریت سے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان کےخلاف بھرپور کارروائی پر ایک ماہ قبل مجھے چودھری اسلم اور رینجرز کے افسران کو دھمکیاں ملی تھیں۔ راؤ انوار کا کہنا تھا کہ اہم کیس کے سلسلے میں سیشن جج کے پاس جارہا تھا کہ حملہ ہوا، انہوں نے کہا کہ حملے میں میرا بھانجا بھی زخمی ہوا ہے۔

درایں اثناء ملیر ہالٹ میں ہونے والے خودکش حملے کے حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ خودکش حملے میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ایک افسر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہے۔ افسرکے مطابق حملے کے نتیجے میں حملہ آور کا دایاں حصہ متاثر ہوا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افسر کے مطابق حملہ آور نے جیکٹ پہنی ہوئی تھی یا نہیں اس کا علم نہیں۔

ایدھی ذرائع کے مطابق خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد میں سے ایک شخص 30 سالہ عدیل کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ دوسری لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ زخمی ہونے والے افراد میں 35 سالہ محمد عارف، 40 سالہ محمد رجب، 50 سالہ یٰسین، 25 سالہ واجد، 40 سالہ محمد اقبال، 40 سالہ ہاشم، 40 سالہ محمد طارق، 50 سالہ محمد احمد، 35 سالہ اعجاز، 20 سالہ محمد بلال، 30 سالہ طارق، 35 سالہ ہاشم، 40 سالہ امام دین، 50 سالہ شفیق اور 2 پولیس اہلکار 40 سالہ محمد اعجاز اور 45 محمد ملک بھی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 150631
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش