0
Friday 6 Apr 2012 16:20
پولیس غلط بیانی سے کام لیتی اور حقائق چھپاتی ہے

بلوچستان میں گھر سے نکلنے والا کوئی شخص بھی محفوظ نہیں، چیف جسٹس

بلوچستان میں گھر سے نکلنے والا کوئی شخص بھی محفوظ نہیں، چیف جسٹس
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ سے لاپتہ ہونے والے سات میں سے چار افراد کو سپریم کورٹ میں پیش کر دیا گیا۔ انسپکٹر جنرل ایف سی بھی عدالت میں حاضر ہوئے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گھر سے نکلنے والا کوئی شخص بھی محفوظ نہیں۔ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب ہیں، لیکن وہ اسلام آباد کے معاملات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ عدالت میں سریاب روڈ سے لاپتہ ہونے والے ملک شیر اور تین سگے بھائیوں ہزار خان، مزار خان اور جاوید کو پیش کیا گیا، جہاں ان کی اہل خانہ سے ملاقات کرائی گئی جبکہ امیر خان، میر جان اور گل میر ابھی تک بازیاب نہیں ہوئے۔
 
مستونگ میں دو افراد کی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے الزام میں آئی جی ایف سی بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے کہا آپ پر الزام ہے کہ آپ لوگوں کو اٹھا رہے ہیں۔ آپ پولیس کی مدد کے لئے ہیں، ان سے ایک قدم آگے کیوں جا رہے ہیں۔ عدالت نے مسخ شدہ لاشیں ملنے پر پولیس کی سرزنش کی اور کہا کہ پولیس غلط بیانی سے کام لیتی اور حقائق چھپاتی ہے۔ عدالت کے استفسار پر سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ بلوچستان میں گزشتہ سال فرقہ ورانہ واقعات میں 118 اور اس سال 39 افراد قتل ہوئے۔ ہلاکتوں سے متعلق رپورٹ پر چیف جسٹس نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا مارا جانا سیکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں گھر سے نکلنے والا کوئی شخص بھی محفوظ نہیں، انتظامیہ کی رٹ قائم ہونے تک معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ ہوم منسٹر وزراء پر اور وزراء ایف سی پر الزام لگاتے ہیں۔ عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بازیاب افراد کے اہلخانہ نے کہا کہ انہیں اپنی عدالتوں پر فخر ہے۔ عدالت نے لاپتہ سات میں سے باقی 3 افراد کو پیر کے روز پیش کرنے کا حکم دیا جبکہ ایک اور لاپتہ شخص ہزار خان کی بازیابی کیلئے ایس ایچ او نیو سریاب کو 24 گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 12 اپریل تک ملتوی کر دی۔
خبر کا کوڈ : 150857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش