0
Tuesday 17 Apr 2012 00:25

گلگت، بلوچستان قتل و غارت ملکی سلامتی کے لئے خطرے ہے، پاسبان ختم نبوت

گلگت، بلوچستان قتل و غارت ملکی سلامتی کے لئے خطرے ہے، پاسبان ختم نبوت
اسلام ٹائمز۔ ورلڈ پاسبان ختم نبوت نے گلگت اور بلوچستان میں فرقہ وارانہ فسادات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر کے امریکہ کو پاکستان میں بدامنی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کی قیادت ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے امیر پیر سلمان منیر نے کی۔ مظاہرین نے اس موقع پر امریکہ اور طالبان کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکہ کے پرچم نذر آتش کئے۔ انہوں نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

ورلڈپاسبان ختم نبوت کے رہنماوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی طرف سے نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی اور امریکہ کی طرف سے ڈرون حملے جاری رکھنے کا اعلان حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خود مختاری خطرے میں ہے اور حکمران نے اپنی کرسی بچانے کے چکروں میں ایسے معاہدے کر رکھے ہیں کہ جس سے نہ صرف ملکی سالمیت بلکہ خطے کا امن بھی تباہ ہو گا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے امیر پیر سلمان منیر نے کہا کہ گلگت اور بلوچستان میں ہونے والی قتل و غارت کو روکا جائے اس کے اثرات پورے ملک پر پڑنے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کی جائے اور امن کی بحالی کے لئے مقامی بااثر سیاسی گروہوں کو اعتماد میں لے کر امن معاہدہ کروایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور گلگت میں فسادات کے پیچھے اسلام اور ملک دشمن عناصر ہیں۔ فریقین صبر و تحمل کا ثبوت دیتے ہوئے مسئلے کے حل کے لئے تعاون کریں۔ 

ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے سربراہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و سلامتی کے لئے اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ پیر سلمان منیر نے کہا کہ نیٹو کی بحالی کی قرارداد ملکی مفادات کے خلاف ہو گی اور اس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی غیرت و حمیت کا تقاضا ہے کہ پاکستان ائیر فورس ڈرون حملوں کو روکے اور حکمران بزدلی کا مظاہر ہ نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 153859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش