0
Monday 30 Apr 2012 23:56

عالمی برادری فلسطینی اسیروں کو اسرائیل کے جبر سے نجات دلائے، او آئی سی

عالمی برادری فلسطینی اسیروں کو اسرائیل کے جبر سے نجات دلائے، او آئی سی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے اسرائیلی جیلوں میں اپنے جائز حقوق کے لیے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کی ہڑتال کی حمایت کی ہے، اور اسیران پر ہونے والے صہیونی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیدیوں سے بدسلوکی کو گھناونا انسانی جرم قرار دیا ہے، تنظیم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جبر و تشدد سے نجات دلائے، مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے مرکزی دفتر سے تنظیم کے سیکرٹری جنرل پروفیسر اکمل الدین احسان اوگلو کا ایک بیان جاری ہوا ہے، اس بیان میں انہوں نے فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران پر صہیونی مظالم کو گھناونا جرم قرار دیا ہے، انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، اقوام متحدہ، عالم اسلام اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی مظالم سے نجات دلائیں، او آئی سی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کے تمام مطالبات جائز اور آئینی ہیں، پوری دنیا میں اتنی بڑی تعداد میں بے گناہ شہریوں کو بغیر مقدمہ چلائے انتظامی حراست میں رکھنے کا کوئی قانون نہیں لیکن اسرائیل نے مخالفین کو گرفتار کرنے سے متعلق تمام عالمی معاہدوں کو پامال کردیا ہے۔
 
اسرائیل کی جیلوں میں سینکڑوں بے گناہ فلسطینیوں کو قید تنہائی اور انتظامی حراست جیسی ظالمانہ سزاوں کا سامنا ہے، فلسطینی اسیران ایسے جرائم کی سزائیں بھگت رہے ہیں جو انہوں نے کیے بھی نہیں ہیں، پروفیسر احسان اوگلو کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جیلوں میں کئی کم عمر اسیر اور بچے بھی ہیں۔ جنہیں نہایت سفاکانہ مظالم کا سامنا ہے، یہ بچے صرف فلسطینیوں کے نہیں بلکہ پوری آزاد ضمیر عالمی برادری کے ہیں، عالمی معاشروں اور اقوام عالم کو اسرائیل کے ان مظالم کا سخت نوٹس لینا چاہیے، کیونکہ کم عمر افراد کو گرفتار کرکے اذیتیں دینا دنیا کے تمام مسلمہ حقوق، عالمی معاہدون اور انسانی حقوق کے چارٹر کی سنگین پامالی ہے۔
 
او آئی سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی مسلسل خاموشی سے اسرائیل کو فائدہ پہنچ رہا ہے، ایسے لگ رہا ہے کہ اسرائیل اقوام عالم کی خاموشی کو اپنے جرائم جاری رکھنے کے لیے ایک جواز کے طور پر پیش کر رہا ہے، دوسرے الفاظ میں عالمی برادری کی خاموشی ظالم کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ در ایں اثناء اسرائیلی حکومت نے فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران پر دباو بڑھانے اور ان کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کے لیے طرح طرح کے ہتھکنڈوں کا استعمال جاری رکھا ہوا ہے، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے مختلف جیلوں میں اسیران پر مشتمل تنظیموں کو ختم کرنے کی دھمکی دی ہے، اسرائیلی جیل انتظامیہ اور فوج کی جانب سے یہ دھمکی ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب دوسری جانب قیدیوں نے تمام مطالبات پورے ہونے تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا حلفاً عزم ظاہر کیا ہے۔
 
وصفی قبہا نے بتایا کہ قیدیوں کی انجمنوں کو ختم کرنے کی دھمکی پہلے ھداریم جیل کے اسیران کو دی گئی تھی، جس کے بعد اب مجد، عسقلان اور کئی دیگرجیلوں کے اسیران کو بھی دی گئی ہے، سابق وزیر کا کہنا ہے کہ اسیران نے اسرائیلی دھمکیوں کو حسب معمول کوئی اہمیت نہیں دی اور وہ تمام ترظالمانہ ہتھکنڈوں کا سامنا کرتے ہوئے بھوک ہڑتال جاری رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 157830
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش