0
Monday 30 Apr 2012 23:34

بہاولپور، گریژنز میں یوم شہداء عزت و احترام کے ساتھ منایا گیا

بہاولپور، گریژنز میں یوم شہداء عزت و احترام کے ساتھ منایا گیا

اسلام ٹائمز۔ بہاولپور کے تمام گریژنز میں یوم شہداء عزت و احترام کے ساتھ میں منایا گیا، دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور وطن عزیز کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس موقع پر ملک کیلئے جاں نثار کرنے والے شہداء کیلئے قرآن خوانی بھی ہوئی، اس سلسلے میں بہاولپور گریژن میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں سینئر سول و فوجی افسران کے علاوہ معززین شہر، سکول کے بچوں اور شہدا ء کے لواحقین نے شرکت کی۔ کورکمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل محمد ہارون اسلم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس کے بعد انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاک فوج میں خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج کے دن پوری فوج اپنے ان بہادر سپوتوں کی بے لوث قربانیوں کو سراہتی ہے جنہوں نے ملک کی بقاء، سالمیت اور اس کے سبز ہلالی پرچم کی سر بلندی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ آج کی اس تقریب میں ان گنت شہیدوں میں سے کچھ کے اہل خانہ ہمارے درمیان موجود ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کی یہاں اس موقع پر تشریف آوری اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ ہم اپنے شہداء اور انکے اہل خانہ کو نہیں بھولے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ میں ان سب کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان کو یقین دلاتا ہوں کہ شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کی خاطر ہم کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور اس لئے کور ہیڈکوارٹر میں شہداء سیل قائم ہے جو کہ آپ کے مسائل حل کرنے اور شہداء کے مفادات بروقت ان کے اہل خانہ تک پہنچانے کیلئے ہمہ تن مصروف ہے۔

خبر کا کوڈ : 157897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش