0
Monday 7 May 2012 16:57
القاعدہ مشترکہ دشمن

کسی کے پاس ایمن الظواہری کی پاکستان میں موجودگی کی معلومات ہیں تو شیئر کرے، حنا ربانی

کسی کے پاس ایمن الظواہری کی پاکستان میں موجودگی کی معلومات ہیں تو شیئر کرے، حنا ربانی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ایمن الظواہری کی پاکستان میں موجودگی کے شواہد نہیں ملے، امریکا کے پاس معلومات ہیں تو شیئر کرے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین رضا ربانی کہتے ہیں کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کیلئے سمت کا تعین کر لیا ہے۔ سینیٹر رضا ربانی کی زیرصدارت قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور سیکرٹری دفاع نرگس سیٹھی نے بھی شرکت کی۔ حنا ربانی کھر نے پاک امریکا تعلقات کے بارے میں رابطوں پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایمن الظواہری کی پاکستان میں موجودگی کے شواہد نہیں ملے، اگر کسی کے پاس الظواہری سے متعلق معلومات ہیں تو شیئر کرے۔ 

حنا ربانی کھر نے بتایا کہ امریکا سے بات چیت ابھی شروع ہوئی ہے اسے ناکام کہنا درست نہیں، امریکا سے کہہ دیا ہے کہ القاعدہ امریکا اور پاکستان کی مشترکہ دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ کی وجہ سے پاکستان میں بھی بچے مر رہے ہیں، امریکا کو بتا دیا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہیں اور ان کے منفی نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں رضا ربانی نے کہا کہ ڈرون حملوں پر لیون پنیٹا کے بیانات صورتحال کو مزید ابتر کریں گے، امریکا ہماری پارلیمانی سفارشات کا احترام کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے رکوانے کے لئے سفارتی ذرائع بھی استعمال کر رہے ہیں۔ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ منگل کو خفیہ اداروں کے سربراہان لاپتہ افراد کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ڈرون حملے ملکی خودمختاری کے خلاف ہیں اور حملوں سے دہشتگردی کی جنگ میں نقصان ہوا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حنا ربانی کھرنے کہا کہ پارلیمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ پاکستان اور امریکہ کو اتفاق رائے کےلیے وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ تمام معاملات پر مذاکرات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے ملکی خودمختاری کے خلاف ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو القاعدہ رہنماؤں کی پاکستان میں موجودگی کی معلومات ہیں تو آگاہ کرے۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈرون حملوں کے حوالے سے لیون پنیٹا کے بیانات مناسب نہیں، ڈرون حملے ناقابل برداشت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ نیٹو سپلائی انتظامی معاملہ ہے، حکومت سے پوچھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 159739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش