0
Saturday 12 May 2012 16:20

کراچی اور مشہد کو جڑواں شہر قرار دیدیا گیا

کراچی اور مشہد کو جڑواں شہر قرار دیدیا گیا
اسلام ٹائمز۔ کراچی اور مشہد کو جڑواں شہر قرار دیدیا گیا ہے، اس سلسلے میں ایک تقریب میں مشہد (ایران) کے میئر سید محمد پیزہان اور ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستحظ کیے، اس سے قبل ایک وفد نے میئر مشہد کی قیادت میں سوک سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مالیاتی وسائل، انفرااسٹرکچر اور بلدیہ کے مختلف محکموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، سوک سینٹر پہنچنے پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی محمد حسین سید اور اعلیٰ سرکاری افسران نے ان کا خیر مقدم کیا جبکہ مشہد کے میئر اور ان کے وفد کے اراکین نے سوک سینٹر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے شہر کا معائنہ کیا۔

مشہد کے میئر سید محمد پیزہان نے کہا کہ کراچی کے مختلف پروجیکٹس میں ان معاہدوں کے تحت بھرپور تعاون کیا جائے گا جن میں انجینئرنگ، لائٹ ریل، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، ایجوکیشن، ٹرانسپورٹ اور کلچرل پروجیکٹس شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور ہمارے آپس کے رشتے بے انتہا مضبوط اور دیرپا ہیں، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی محمد حسین سید نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ترقی کا سفر جاری ہے اور متعدد منصوبوں کو مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور کے ایم سی کے مالی وسائل سے 500 سے زائد چھوٹے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ کئی پروجیکٹس پر مختلف ملکوں کے مالی و تکنیکی تعاون سے کام کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں ماس ٹرانزٹ منصوبہ، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر، سلاٹرنگ، بس ریپڈ سسٹم، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں پوٹینشل موجود ہے اور ہمیں ایک دوسرے کی تکنیکی صلاحیتوں اور ماہرین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ کراچی کا ماسٹر پلان تیار کیا جارہا ہے تاکہ اس شہر کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ جڑواں شہر اور باہمی تعاون کے معاہدوں کے بعد آئندہ دو ماہ میں دونوں ملکوں کے ماہرین کے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا تاکہ مشہد ایران میں ہونے والی مختلف شعبوں کی ترقی سے استفادہ کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لائیو اسٹاک، سلاٹرنگ، فروزن فوڈز کی ایران بہت بڑی منڈی ہے جس سے پاکستان کثیر زرمبالہ حاصل کرسکتا ہے، اس موقع پر کراچی میں متعین ایرانی سفارتکار، میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان، سی پی ایل سی کے صدر احمد چنائے، ڈپٹی کمشنرز، شہر کے تاجر و صنعتکار، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران سمیت معززین شہر کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
خبر کا کوڈ : 161196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش