0
Saturday 12 May 2012 16:10

پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات استوار ہیں، گورنر سندھ

پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات استوار ہیں، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور برادر ملک ایران کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات استوار ہیں جن میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہوگا۔ دنیا خاص طور پر خطے کے لیے دونوں ممالک کے مابین دوستی اور تعلقات کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان موجودہ صورتحال میں ایران سمیت دیگر تمام علاقائی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات میں اضافے کا خواہشمند ہے۔ ایرانی شہر مشہد کی جدید خطوط پر ترقی قابل تحسین ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس میں مشہد کے میئر سید محمد پیزہان کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر کراچی میں ایران کے قونصل جنرل عباس عبداللہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید اور میونسپل کمشنر متانت علی خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ عالم اسلام کا سب سے بڑا شہر کراچی اور ایران کا دوسرا بڑا شہر مشہد باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ دونوں شہروں کو جڑواں شہر قرار دیا جانا بھی خوش آئند ہے۔ ترقی کے جدید دور میں دونوں شہروں کا ایک دوسرے کے وسائل اور صلاحیتوں کا تبادلہ سودمند ثابت ہوگا۔ ہماری خواہش ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کرنے والے مشہد شہر اور پاکستان کو 70 فیصد ریونیو فراہم کرنے والے کراچی کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ کیا جائے جن میں ٹرانسپورٹیشن، تعلیم اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سمیت دیگر شعبے بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر مشہد کے میئر سید محمد پیزہان نے کہا کہ پاکستان اور ایران اسلام کے مضبوط رشتے میں جڑے ہوئے ہیں جو اپنی ثقافت اقدار اور بہترین روایات کے حامل ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط تر کیا جاسکتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی تجارت اور معیشت میں کراچی کی اہمیت اور کردار قابل تحسین ہے۔ بانی پاکستان کے شہر اور مشہد کے مابین مختلف شعبوں میں ہم آہنگی اور تعاون میں مزید اضافہ کیا جائے گا جن میں وفود کا تبادلہ بھی شامل ہے۔ قبل ازیں مشہد کے میئر نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو گورنر مشہد کی جانب سے دورے کی دعوت دی۔ گورنر سندھ نے یہ دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد مناسب وقت پر دورہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 161193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش