0
Sunday 13 May 2012 15:45

پاکستان میں امریکی گماشتوں کی حکومت ہے، امیر جماعت اسلامی پنجاب

پاکستان میں امریکی گماشتوں کی حکومت ہے، امیر جماعت اسلامی پنجاب
اسلام ٹائمز۔ امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت ملک کی واحد جمہوری جماعت ہے جبکہ باقی جماعتیں موروثی سیاست کی قائل ہیں، موجودہ حکمرانوں نے ساڑھے چار سال میں ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا ہے، یوں لگتا ہے کہ پاکستان پر چوروں، ڈاکوؤں، لٹیروں اور امریکی گماشتوں کی حکومت ہے، جنہوں نے امریکی یاری میں پاکستان کا وقار، عزت اور سالمیت کو داؤ پر لگا دیا ہے اور پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ مل کر اس کے خاتمے کے درپے ہیں لیکن جب تک جماعت اسلامی کے محب وطن اور قربانیاں دینے والے کارکن اور قیادت موجود ہے ان کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سزا یافتہ وزیراعظم گیلانی کو اپیل سے پہلے گھر چلے جانا چاہیے، عدالت بیگناہ قرار دے تو واپس آ سکتے ہیں، عدلیہ کی سزا قبول نہ کر کے آئین کیساتھ مذاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جراتمندانہ فیصلے کے بعد کرپٹ حکومتی اتحادی اکھٹے ہو چکے ہیں کیونکہ ان کو ڈر ہے کہ کہیں ان پر بھی ہاتھ نہ پڑ جائے، اس وقت ملک میں زرداری کے کرپٹ مافیا نے ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کا ایک سیلاب برپا کیا ہوا ہے کہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے مارے مارے پھر رہے ہیں، جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ملک کی تقدیر بدل دے گی ہم پاکستان کے لیے اپنا حق ادا کرنے والے اور قربانیاں دینے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمنٹ نے اٹھارہ کروڑ عوام کی مرضی کے خلاف نیٹو سپلائی بحالی کا اگر فیصلہ کیا تو یہ قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم اور قوم سے غداری ہو گی، 12 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جس دن ایم کیو ایم کے مسلح غنڈوں نے کراچی کی سڑکوں کو مظلوم اور بے قصور شہریوں کے خون سے رنگین کر دیا تھا، اس سارے معاملے کی غیر جانبدار انکوائری کرا کے ذمہ داروں کو قرار واقعہ سزا دینی چاہیے، حکمران فوری طور پر امریکی اتحاد سے باہر نکلیں اور دہشت گردی کی نام نہاد جنگ کو خیرباد کہہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر 2 مئی اور سلالہ چیک پوسٹ پر حملے جیسے واقعات پھر ہو سکتے ہیں، مسلم لیگ (ن) ابھی تک فرینڈلی اپوزیشن کا داغ دھو نہیں سکی، اعلانات کر کے پھر جانا نواز شریف کا وطیرہ بن چکا ہے، ہم بلوچستان پر اے پی سی بلائیں گے اور تمام جماعتوں کو اس میں دعوت دے کر بلوچستان کی عوام کی داد رسی کی کوشش کریں گے ہم نے اس کا خیرمقدم بھی کیا تھا لیکن میاں نواز شریف اس معاملے میں بھی اعلان سے آگے نہ بڑھ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معاملات کو خراب کرنے میں جتنی حکومت اور اس کے اتحادی قصور وار ہیں اتنی ہی اپوزیشن بھی قصور وار ہے۔
خبر کا کوڈ : 161493
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش