0
Sunday 13 May 2012 15:31

امریکہ کے ملٹری کالج میں پڑھایا جانے والا نصاب انتہائی قابل مذمت ہے، نذیر جنجوعہ

امریکہ کے ملٹری کالج میں پڑھایا جانے والا نصاب انتہائی قابل مذمت ہے، نذیر جنجوعہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے امریکی سینیٹر جان کیری کے بیان ’’پاکستان دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرے ورنہ ہم کر دیں گے‘‘ پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے حمیت اور بے حس حکمرانوں کی امریکہ نواز پالیسیوں کے نتیجہ ہے کہ آج امریکہ کھلم کھلا دھمکیاں دے رہا ہے، اب بھی وقت ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت ہوش کے ناخن لے اور فی الفور نام نہاد دہشت گردی کی جنگ سے باہر نکل کر عوامی فلاحی منصوبوں پر کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے ساتھ مل کر اپنے مسلمان بھائیوں کا قتل عام کروانے والے اللہ کے ہاں اپنا مقام سوچ لیں، نیٹو سپلائی کی بحالی پاکستانی قوم کسی صورت میں بھی برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی دوستی دشمنی سے زیادہ خطرناک ہے، 35 ہزار بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے اور معیشت کو 70 ارب ڈالر کا نقصان پہنچانے کے باوجود ’’ڈومور‘‘ کا امریکی مطالبہ انتہائی شرمناک ہے۔

نذیر جنجوعہ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پارلیمنٹ مشترکہ اجلاسوں کی قراردادوں پر امریکہ سے تعلقات استوار کیے جائیں، ملک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، عوام موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی سے مایوس ہو چکے ہیں، پاکستان کو مسائلستان بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ملٹری کالج میں مسلمانوں کو صفحہ ہستی مٹانے کی ترغیب دینے والا متنازع ملٹری کورس مسلم دنیا کے حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے، امریکہ اپنے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔

نذیر احمد جنجوعہ نے مزید کہا کہ حکمران اللہ کے عذاب کو دعوت دینے سے باز رہیں، ملک کو درپیش معاشی و سیاسی مسائل کا سبب اللہ کے قانون سے بغاوت ہے، قرآن پاک اور سیرت رسول (ص) کے مطابق پالیسیاں ترتیب دیئے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران امریکہ سے فوری طور پر تعلق ختم کرنے کا اعلان کریں اور اپنے ہمسایہ مسلمان ملکوں کے ساتھ دوستیاں بڑھائیں تاکہ ہم انہیں اور وہ ہمیں فائدہ پہنچا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 161489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش