0
Saturday 5 Dec 2009 14:57

مسجد میں نمازیوں پر فائرنگ سے دہشتگردوں نے اپنی اصلیت بے نقاب کر دی،شہباز شریف

مسجد میں نمازیوں پر فائرنگ سے دہشتگردوں نے اپنی  اصلیت بے نقاب کر دی،شہباز شریف
لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں پریڈ لین کی مسجد میں نمازیوں پر فائرنگ سے دہشتگردوں نے اپنی اصلیت بے نقاب کر دی۔آج نیوز کے مطابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز راولپنڈی پریڈ لین میں واقع مسجد میں ہونیوالے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے اپنی اصلیت قوم کو دکھا دی ہے لیکن وہ ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
 علما خودکش حملوں کے خلاف فتویٰ دیں،مساجد میں دھماکے کرنے والے مسلمان نہیں بلکہ کافروں سے بھی بدتر ہیں،رحمن ملک
اسلام آباد:وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ علماء خودکش حملوں کے خلاف فتویٰ دیں،کرائے کے قاتلوں نے نمازی بچے بھی شہید کئے۔راولپنڈی میں دھماکے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،ظالموں نے مسجد پر حملہ کر کے نمازیوں کی جانیں لی۔انہوں نے کہا کہ مسجد پر حملہ کرنے والے اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں،رحمن ملک نے بتایا کہ مسجدوں پر حملہ کرنے والے غدار باہر سے نہیں آئے ہیں طالبان اور القاعدہ اور مختلف تنظیمیں ملکر کارروائیاں کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ علماء دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے ساتھ شامل ہوں اور خودکش حملوں کے خلاف فتوے دیں۔پاکستان اور افغانستان اس وقت حالت جنگ میں ہیں لیکن ہم پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والوں سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ باڑہ سے 3 دن قبل پکڑا جانے والا
اسلحہ بھارت کا ہے۔ مساجد میں دھماکے کرنے والے مسلمان نہیں بلکہ کافروں سے بھی بدتر ہیں ۔پاکستان دشمنوں سے کوئی رعایت نہیں برتیں گے کیونکہ وہ غدار ہیں۔ آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دہشت گردی کی کارروائیاں وزیرستان آپریشن کی کامیابی کا ردعمل ہیں۔ دہشت گرد پیسے لیکر ملک کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ وہ ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ہم اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں علماء متحد ہو کر ان کے خلاف فتویٰ دیں۔ اسلام دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔
 محرم الحرام کے حوالے سے سوال پر رحمن ملک نے کہا کہ تعزیتی جلوسوں اور اجتماعات کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے احکامات کئے گئے ہیں۔ اسلحے کی نمائش پر پابندی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیلئے اسلحہ افغانستان سے آ رہا ہے چار دہشت گردوں نے مسجد پر حملہ کیا جن میں دو خودکش حملہ آور تھے طالبان،القاعدہ اور دیگر تنظیمیں ملکر دہشت گردی کر رہی ہیں۔ علماء دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔ بلوچستان میں بھارتی مداخلت سے پوری دنیا کو آگاہ کر دیا ہے۔ محرم کے دس دن انتہائی اہم ہیں۔ دشمن اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ نجی کمپنیوں کے گارڈز بھی نہیں ہوں گے بلکہ سکیورٹی فورسز انتظام سنبھالیں گے جس میں شیعہ سنی برادری تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی خودکش حملے کا نئی افغان پالیسی سے کوئی تعلق ہے نہ اس کا ردعمل ہے۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں
نے نیول کمپلیکس پر حملہ روک کر جانیں بچائیں۔ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا کہاں کا اسلام ہے؟ سوات،وزیرستان میں شکست کا بدلہ دہشت گرد ضرور لیں گے اور اکا دکا واقعات ہوں گے۔ وقت آنے پر بھارتی مداخلت کے ثبوت پیش کر دیں گے۔ بھارتی مداخلت کو یو این لیکر گئے ہیں۔ 74 دہشت گرد اسلام آباد سے پکڑے ہیں جس سے امن و امان آیا۔ دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان،سپاہ صحابہ،لشکر جھنگوی سے ہے۔ دہشت گردوں کے پاس وہ اسلحہ ہے جو صرف کسی ریاست کے پاس ہو سکتا ہے۔ چائنہ سے دو سکینر مل گئے ہیں جلد نصب کر دئیے جائیں گے۔ ایک سوال پر کہا کہ ملک میں کہیں بھی بلیک واٹر کا وجود نہیں،ڈین کورپ سکیورٹی فورسز کی ٹریننگ کیلئے ہے جس کی اجازت مشرف دور حکومت میں دی گئی۔
مسجدوں پر حملے اسلام دشمن قوتوں کی کارستانی ہے،سیاسی و سماجی شخصیات کی شدید مذمت
لاہور:راولپنڈی مسجد میں بم دھماکوں پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مختلف سیاسی سماجی شخصیات نے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ موجودہ دہشت گردی کی لہر امریکہ بھارت گٹھ جوڑ کا شاخسانہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے سینئر سیاسی معاون محمد پرویز ملک نے کہا ہے اس واقعہ میں بیرونی ہاتھ کا ملوث ہونا خارج از امکان نہیں ہے۔جمعتہ المبارک کی نماز ادا کرنے میں مصروف نمازیوں پر ہینڈ گرینیڈ پھینک کر انتہا پسندوں نے انتہائی بزدلی کا مظاہرہ کیا۔راولپنڈی کی مسجد میں ہونے
والے مسلمانوں کے قتل عام کی حزب التحریر نے بھی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ در حقیقت ان کے پیچھے مسلمان نہیں بلکہ امریکی ایجنسیاں اور بلیک واٹر اور ڈائن کورپ کے کرائے کے قاتل ملوث ہوتے ہیں۔پاکستان عوامی تحریک انقلاب کے سربراہ میجر(ر) آفتاب خان لودھی نے بھی سانحہ راولپنڈی کی مذمت کی ہے۔ وزیر بلدیات و شہری ترقی پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کش فعل قرار دیا ہے۔وفاقی وزیر و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ فرزانہ راجہ نے معصوم افراد کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور لواحقین کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے ۔
 دہشتگردوں کو ہرحال میں شکست دینا ہوگی،افتخار
پشاور:سرحد کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ہمیں ہر حال میں دہشت گردوں کو شکست دیناہو گی۔پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر تہکال مارکیٹ میں دھماکے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمیں مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کب تک سفارتی اقدامات اٹھائے لہٰذا اب جہاد کرناہوگا۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد آپریشن روکنے کیلئے دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 16352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش