0
Monday 21 May 2012 01:13

سکواڈرن لیڈر مسعود اختر رضوی شہید کی مجلس سوئم

سکواڈرن لیڈر مسعود اختر رضوی شہید کی مجلس سوئم
اسلام ٹائمز۔ پاک فضائیہ کے طیارے کے حادثے میں درجہ شہادت پر فائز ہونے والے سکواڈران لیڈر مسعود اختر رضوی کی رسم سوئم جامعۃ المرتضی ؑ جی نائن فور اسلام آباد میں ادا کی گئی۔ جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کے والد سید اختر حسین رضوی اور برادر نسبتی آغا سید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ و دیگر خانوادہ کو تعزیت پیش کی۔

مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین علامہ شیخ اعجاز حسین مدرس نے کہا کہ وطن کی بری بحری و فضائی نگہبانی کرنے والے افواج پاکستان کے سپوتوں کی قربانیاں قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے لہو سے قوم کو جاودانی بخشنے والے شہداء کا تذکرہ زندہ قوموں کی نشانی ہوتی ہے۔ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قمر حیدر زیدی نے کہا کہ شہید مسعود حسین رضوی سیدالشہداء امام حسین ؑ اور شہدائے کربلا سے بے پناہ لگاؤ رکھتے تھے۔

اپنے دوست کے نام اپنے آخری میسیج میں بھی انہوں نے شہادت کی تمنا کی اور خداوند عالم نے ان کی سن لی۔ مادر وطن پر اپنی جان نچھاور کرکے مسعود حسین رضوی امر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاچن کی برفانی چوٹیوں سے لے کر بحیرہ عرب کے پانیوں اور صحراؤں سے لے کر وادی نیلم کی دشوار گزار علاقوں میں دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دینے والوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے جو محض سرحدوں کے پاسبان ہی نہیں بلکہ ہر مشکل مرحلے میں ہراول دستے کا کام کرتے ہیں زلزلہ ہو یا سیلاب افواج پاکستان کے جوان ہر محاذ پر سینہ سپر نظر آتے ہیں۔

انہوں نے شہید کے والد اختر رضوی کی ہمت کو داد دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اکلوتے فرزند کی شہادت پر عزم اور ثبات کا مظاہرہ باعث تقلید ہے۔ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مفتی باسم عباس زاہری نے کہاکہ جوان فرزند کی موت سہنا آسان کام نہیں، نواسہ رسول امام حسین ع نے میدان کربلا میں اپنے کڑیل جوان بیٹے شہزادہ علی اکبر کو جس انداز میں اسلام کی بقا کیلئے قربان کرکے جوان موت سہنے کا سلیقہ سکھایا وہ ہر دور میں پدران کیلئے نمونہ صبر و رضا اور عزم و عمل ہے۔ مجلس عزا سے مولانا محسن رضا بلالی، سید جون علی شاہ مشہدی اور منقبت خوان فہر عباس نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 163761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش