0
Tuesday 22 May 2012 23:42

گیلانی کو وزیراعظم نہیں مانتے، صدر زرداری کو شکاگو نہیں جانا چاہئے تھا، عمران خان

گیلانی کو وزیراعظم نہیں مانتے، صدر زرداری کو شکاگو نہیں جانا چاہئے تھا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شگاکو کانفرنس میں صدر آصف زرداری کی شرکت پاکستان کی رسوائی کے سوا کچھ نہیں، نیٹو ممالک نے پارلیمنٹ کی قرارداد کو بھی اہمیت نہیں دی، ان کا کہنا تھا کہ غیروں کی جنگ سے نکل کر قبائلی عوام سے مذاکرات شروع کیے جائیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر تو دور کی بات ہے نیٹو کے کسی رکن ملک کے سربراہ نے بھی صدر آصف زرداری سے ملاقات نہیں کی۔
 
 تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو پاکستانی قوم کی غیرت اور خود مختاری سے نہیں بلکہ ڈالر بڑھانے سے غرض ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے تین قراد دادیں منظور کیں۔ قوم کو نیٹو کے اڑتالیس ممالک کی ناراضگی سے نہ ڈرایا جائے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ضیاءالحق نے ڈالر لے کر عسکریت پسند تیار کئے۔ پرویز مشرف نے ڈالروں کے عوض انھیں مارا۔ ایک سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی سزا یافتہ ہیں۔ وہ انھیں وزیراعظم تسلیم نہیں کرتے۔ اس موقع پر جنرل ریٹائرڈ علی قلی خان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ صدر زرداری کو شکاگو نہیں جانا چاہیئے تھا، ان کے اس اقدام سے قوم کو ذلت سے سوا کچھ نہیں ملا۔ اسلام آباد میں جنرل علی قلی خان ریٹائرڈ اور ان کے بھائی احمد قلی خان کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں چالیس ہزار جانوں کی قربانی دینے والے ملک کے صدر سے نیٹو ممالک اور امریکہ کا رویہ شرم ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر باراک اوبامہ نے صدر زرداری سے ملاقات کی نہ پاک افغان امریکہ کے صدور کی مشترکہ ملاقات ہوئی اور نہ ہی نیٹو پاکستان کی پارلیمانی قرارداد ماننے پر تیار ہے۔ صدر زرداری نے شکاگو جا کر ملک و قوم کی تذلیل کی۔ عمران خان نے کہا کہ ترک وزیراعظم کی آمد کے موقع پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ہمیں مدعو نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم گیلانی کی اپیل مسترد ہونے پر عدالت کا حکم نہ مانا گیا تو سونامی مارچ کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ترک وزیراعظم کا بڑا مقام ہے، کسی مسلمان وزیراعظم کی اتنی عزت نہیں جتنی ان کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 164416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش