0
Wednesday 23 May 2012 17:13

وفاقی کابینہ نے کراچی میں بدامنی کا جائزہ لینے کیلئے 4 رکنی کمیٹی قائم کر دی

ایمرجنسی لگانے کا اختیار سپریم کورٹ کا نہیں، قمر زمان کائرہ
وفاقی کابینہ نے کراچی میں بدامنی کا جائزہ لینے کیلئے 4 رکنی کمیٹی قائم کر دی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہوا۔ کابینہ نے کراچی میں پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کراچی میں بدامنی کا جائزہ لینے کیلئے چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی۔ کمیٹی میں امین فہیم، خورشید شاہ، مولا بخش چانڈیو شامل ہیں۔ کمیٹی کراچی میں بدامنی کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ رپورٹ پیش گی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ اجلاس کے باوجود پرنسپل سیکرٹری اور کابینہ سیکرٹری کو کوئٹہ میں عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت عدلیہ کا کتنا احترام کرتی ہے۔ کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، آئندہ چند دنوں میں لوڈشیڈنگ کافی حد تک کم کر دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم نے توہین عدالت کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں نیٹو سپلائی کی بحالی اور صدر آصف زرداری کے دورہ شکاگو پر بھی بات چیت ہوئی۔ کابینہ نے روزمرہ اشیاء کی قیمتوں اور کابینہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ کراچی اور بلوچستان میں بدامنی کے معاملے پر تفصیلی بات چیت کے بعد وفاقی کابینہ نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی اپنی سفارشات کابینہ میں پیش کرے گی۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ کابینہ نے کراچی کے معاملے پر امین فہیم کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو فسادات اور جلاؤ گھراؤ پر تحقیقاتی رپورٹ مرتب کرا کے اپنی سفاشات پیش کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں ترک وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال ہوا۔ نیٹو نے صدر کو شکاگو کانفرنس میں شرکت کی غیرمشروط دعوت دی تھی جبکہ نیٹو کے ساتھ پارلیمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں مذاکرات کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مخصوص میڈیا گروپ حکومت کیخلاف پروپیگنڈہ کر رہا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ میڈیا ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے معاملے پر چھ رکنی کمیٹی قائم کر دی، قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ایمرجنسی لگانے کا اختیار سپریم کورٹ کا نہیں۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان کے معاملے پر کابینہ کی چھ رکنی کمیٹی قائم کی گئی، جس کے سربراہ وزیر قانون ہوں گے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلوچستان میں ایمرجنسی لگانے کا اختیار صرف ایگزیکٹو اتھارٹی کے پاس ہے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل فوجی آپریشن نہیں۔ سیاسی مذاکرات کے ذریعے ہی معاملات سلجھائے جا سکتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان کے معاملے پر ہر دور میں مذاکرات ہوئے۔ پہاڑوں پر رہنے والے ہتھیار پھینک کر مذاکرات کی میز پر آئیں۔
خبر کا کوڈ : 164714
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش