0
Friday 25 May 2012 00:43

امریکی خوشنودی کی خاطر نیٹو سپلائی بحال کرنا عوام و پارلیمنٹ کی توہین ہے، علامہ ناصر عباس

امریکی خوشنودی کی خاطر نیٹو سپلائی بحال کرنا عوام و پارلیمنٹ کی توہین ہے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حکومت نیٹو سپلائی پر کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیتے ہوئے قوم کو آگاہ کرے کہ پارلیمانی سفارشات پر کس حد تک پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی خودمختاری کو یقینی بنائے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہماری داخلہ و خارجہ پالیسیاں غیر ملکی آقاوں کی خواہشات کو مدنظر رکھ کر تیار کی جاتی ہیں، جب تک ہم امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کے احکامات کو عوامی خواہشات پر ترجیح دیتے رہیں گے تب تک نہ ہمارا ملک امن کا گہوارہ بن سکتا ہے اور نہ ترقی کی شاہراہ پر کامیابی سے گامزن ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان کے دورے سے واپسی پر بے نظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی قراردادوں کو روندتے ہوئے امریکی خوشنودی کی خاطر نیٹو سپلائی بحال کر دینا کسی بھی طرح سے ملکی مفاد اور قومی امنگوں کی ترجمانی نہیں، بلکہ یہ عوام اور پارلیمنٹ کی توہین ہے، کیا ہمارے جوانوں کا خون اتنا سستا اور غیر اہم ہے کہ اس پر معافی نہ مانگی جائے؟ پاک ایران گیس پائپ لائن پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امریکی تحفظات کو مسترد کرنا مستحسن اقدام ہے، لیکن اس پر کام کی رفتار سست ہے، جس میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے۔ توانائی کا بحران ملک میں شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، جو تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد کو براہ راست متاثر کر رہا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ فیکٹریاں اور کارخانے بند ہونے کی وجہ سے بیروزگاری کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، جس کی بڑی وجہ انرجی کرائسز ہے، گلگت بلتستان میں امن عامہ کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، حکومت اگر ملک کے تمام حصوں میں امن قائم کرنا چاہتی ہے تو وہ دہشتگرد اور امن پسندوں میں تفریق کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے خلاف بلا تاخیر آپریشن کرے، انہوں نے کہا کہ کراچی سے خیبر اور کوئٹہ سے گلگت تک ایک ہی مسلک کے لوگوں کو باقاعدہ سازش کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دانستہ چشم پوشی سے حکومتی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ نہ دہشتگرد ہے اور نہ ہی دہشتگردوں کی پشت پناہ، ہم پاکستانیت پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے دہشتگردی اور فرقہ واریت کی ہمیشہ مخالفت کی ہے اور آئندہ بھی امت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے کام کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 165221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش