0
Sunday 27 May 2012 19:35

اگر پارليمنٹ عوام کی نمائندہ ہے تو نيٹو سپلائی کی بحالی پر کوئی مفاہمت نہيں کرے گی، فضل الرحمن

اگر پارليمنٹ عوام کی نمائندہ ہے تو نيٹو سپلائی کی بحالی پر کوئی مفاہمت نہيں کرے گی، فضل الرحمن
اسلام ٹائمز۔ جمعيت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ملک ميں امريکی بالادستی قبول کرنے کو تيار نہيں، اگر پارليمنٹ عوام کی نمائندہ ہے تو نيٹو سپلائی کی بحالی پر کوئی مفاہمت نہيں کرے گی، منصفانہ انتخابات ہوئے تو جے يو آئی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ مولانا فضل الرحمن نے يہ بات قلات ميں جمعيت علمائے اسلام ف کے زيراہتمام اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ 10 سال پہلے امريکا کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کی حقيقت آج کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ 

ان کا يہ بھی کہنا تھا کہ ان کی جماعت کی راہ ميں سب سے بڑی رکاوٹ اسٹيبلشمنٹ ہے وہ اپنی سازشوں سے باز آ جائے اور اگر منصفانہ انتخابات ہوئے تو ان کی جماعت ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم رياستی اداروں کو قومی ادارہ تسليم کرنے کو تيار ہيں تاہم رياستی قوت بھی اپنے طور طريقے تبديل کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک ايک جنگجو رياست بنا ہوا ہے ہم آج تک فلاحی رياست نہيں بن سکے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک کا زيادہ تر بجٹ دفاع پر خرچ ہو رہا ہے اس سے انہيں کوئی سروکار نہيں مگر عام غريب آدمی کہاں جائے۔ بلوچستان کے حوالے سے جے يو آئی کے سربراہ نے کہا کہ يہاں مايوسی ہے اور اب جب مايوسياں حد سے بڑھيں تو لوگ پہاڑوں پر چلے گئے ہيں، صوبے ميں لوگ بندوق لے کر حقوق کی بات کر رہے ہيں۔ کانفرنس سے جے يو آئی ف کے مرکزی سيکريٹري جنرل مولانا عبدالغفور حيدری اور مولانا محمد خان شيرانی سميت ديگر قائدين نے بھی خطاب کيا۔
خبر کا کوڈ : 166089
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش