0
Sunday 27 May 2012 14:34

نیٹو سپلائی کی بحالی پاکستان سے غداری اور امریکہ سے وفاداری ہو گی، فضل کریم

نیٹو سپلائی کی بحالی پاکستان سے غداری اور امریکہ سے وفاداری ہو گی، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں پیر طالب حسین گردیزی کے عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں صوفیاء کے ماننے والے فیصلہ کن کردار ادا کریں گے، پاکستان کو بارود والوں کی نہیں درود والوں کی ضرورت ہے، حق پرست علماء مسجد کے محراب سے عوامی حقوق کی آواز اٹھائیں، نیٹو سپلائی کی بحالی پاکستان سے غداری اور امریکہ سے وفاداری ہو گی، حکمران امریکی مفادات کے نگہبان نہ بنیں، پاکستان کے غدار ڈاکٹر شکیل آفریدی کو بچانے کے لیے امریکی لابی متحرک ہو گئی ہے، پاک سرزمین کو غداروں سے پاک کرنا ہو گا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ مساجد اور مدرسوں کو انقلابِ نظامِ مصطفٰی کے مورچے بنائیں گے اور انقلابِ نظامِ مصطفٰی کے راستے کی رکاوٹیں پاش پاش کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ اسلام دشمن طاقتوں کے عالمی ایجنڈے کی مزاحمت کے لیے تیار ہو جائیں اور استعماری ایجنٹوں کا تعاقب کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پیر سید طالب حسین گردیزی نے زندگی کی آخری سانس تک نظامِ مصطفٰی کے نفاذ اور مقامِ مصطفٰی کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ایجنڈے کے تحت لسانی تنازعات کو ہوا دی جا رہی ہے اور پاکستان میں مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان بچانے کے لئے جوش کی نہیں ہوش کی ضرورت ہے۔ سیاستدان اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں پر الزام تراشی کرنے والے امریکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ صاحبزادہ سید صابر گردیزی نے کہا کہ ہم پیر سید طالب حسین گردیزی کا مشن جاری رکھیں گے اور پاکستان دشمنوں کے خلاف جدوجہد مدہم نہیں ہونے دیں گے۔

پیر محمد اطہر القادری نے کہا کہ پیر سید طالب حسین گردیزی سفیر عشقِ رسول تھے۔ انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ جرم اور ظلم کا راستہ روکیں۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ علماء نفرتوں کی آگ بجھانے کیلئے میدان میں آئیں۔ اجتماع میں ایک قرارداد کے ذریعے کراچی میں قوم پرست جماعتوں کی ریلی اور نواب شاہ میں بس پر فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔ ایک اور قرارداد کے ذریعے بے لگام لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔ اجتماع سے صاحبزادہ سید صابر گردیزی، صاحبزادہ سید ارشد گردیزی، مفتی محمد حسیب قادری، پیر محمد اطہر القادری اور محمد نواز کھرل نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 165998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش