0
Monday 28 May 2012 22:15

حکمران بےضمیر ہو گئے ہیں وگرنہ ڈرون گرانے کی صلاحیت ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر

حکمران بےضمیر ہو گئے ہیں وگرنہ ڈرون گرانے کی صلاحیت ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر
اسلام ٹائمز۔ نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ملک کو بیرونی نہیں اندرونی خطرہ ہے، ملک کا حال حضرت سلیمان کے عصاء کی طرح اندر سے کھوکھلا اور باہر سے مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع باہر سے ناقابل تسخیر نظر آتا ہے لیکن اندر سے حضرت سلیمان کے عصاء کی طرح ہے دیکھنے میں تو مضبوط لیکن اندر سے دیمک نے کھا لیا ہے۔ ہم نے خون پسینے سے اس ملک کو ناممکن سے ممکن بنایا اور ایسا مضبوط دفاع مہیا کیا کہ بےفکری ہو گئی تھی کہ اب اپنی ترقی، تعلیم اور صنعتی ترقی پر دھیان دیں گے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ایسا نہیں ہوا اور حکمرانوں کو یقین ہو گیا کہ اب ہمیں باہر سے خطرہ نہیں ہے تو وہ اندرونی لوٹ مار میں لگ گئے۔ 

14 سال کے بعد یہ لوگ اتنے نڈر بےضمیر ہو گئے کہ انہوں نے ملک کو لوٹنا شروع کر دیا۔ ڈاکٹر عبد القدیر کا کہنا تھا کہ عوام کے حوصلے پست ہو گئے ان کو امید کی کوئی کرن نظر نہیں آتی، جس طرف بھی آنکھ اٹھا کر دیکھتے ہیں لٹیرے نظر آتے ہیں۔ پاکستان کے حکمران بھی لٹیرے اور اپوزیشن والے بھی اگر دونوں ایسی کوئی تبدیلی لاتے کہ جس سے ملک کو فائدہ ہوتا تو اچھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ بھی اپنے فیصلے مبہم طریقے سے دیتی ہے اور ان کے فیصلوں پر عمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ 15 سال قبل کہوٹہ میں میزائل بنائے تھے وہ ڈرون گرا سکتے ہیں۔ محسن پاکستان کا کہنا تھا کہ فوج نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کا حلف اٹھایا تھا، کدھر گیا ان کا حلف روز بروز سرحدوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو اس حلف اٹھانے کا کیا فائدہ۔  پھر یہی کہیں کہ ہم نے سیاستدانوں کے حکم کی تعمیل کی حلف کے اندر بیٹھے حکمران چور لٹیرے، بے ضمیر ہیں ان کو عوام اور ملک کا کوئی خیال نہیں۔ باہر جاتے ہوئے پاکستانی کہنے میں شرم آتی ہے۔  پہلے سبز پاسپورٹ کی عزت تھی مگر اب نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 166390
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش