0
Saturday 16 Jun 2012 22:49

حکومت گلگت میں امریکہ کی پراسرار سرگرمیوں کا نوٹس لے، صاحبزادہ فضل کریم

حکومت گلگت میں امریکہ کی پراسرار سرگرمیوں کا نوٹس لے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ مصطفائی تحریک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ خیمۂ سیاست میں چور اور ڈاکو گھس آئے ہیں، دریائے سیاست کو گندی مچھلیوں سے پاک کرنا ہوگا اور تمام طبقات کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، ججوں، جرنیلوں اور جرنلسٹوں سمیت کوئی بھی احتساب سے بالاتر نہیں، سیاسی تماشے بند نہ ہوئے تو سب کو پچھتانا پڑے گا، ارسلان افتخار کیس میں گیند اب حکومت کی کورٹ میں ہے، انہوں نے کہا کہ عدالت سے عداوت کی روش خطرناک ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ حکومت گلگت میں امریکہ کی پراسرار سرگرمیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے فوجی جوانوں پر قوم کو فخر ہے۔ ملک ڈاکٹر شکیل آفریدیوں کے نرغے میں ہے۔ 18 کروڑ محب وطن پاکستانی دھرتی ماں سے وفا کے لیے متحد ہو جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملک ریاض حسین سے مالی مفادات حاصل کرنے والوں کے نام منظرعام پر لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے سیاسی مفاد کی بجائے ملکی استحکام کو پیش نظر رکھا جائے، عوام کے ہاتھ حکام کے گریبانوں تک پہنچنے والے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ محب وطن لوگ طاقتور لوگوں کے ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں اور عوام ملک میں ایماندار قیادت لانے کے لیے متحد ہو جائے، ملکی بقاء کی جنگ لڑنے کے لیے نوجوان میدان میں آئیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکومت چار سال میں بجلی فراہم نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی سربلندی کو یقینی بنایا جائے اور قانون کو شخصیات پر غالب کیا جائے۔ سنی اتحاد کے چیئرمین نے کہا کہ معزز چور ایکسپوز ہو رہے ہیں، لوٹ مار کرنے والوں سے نجات حاصل نہ کی گئی تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز ایک میز پر بیٹھ کر پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے اور عوامی مسائل کے حل کا متفقہ لائحہ عمل تیار کریں۔
خبر کا کوڈ : 171856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش