0
Sunday 24 Jun 2012 11:46

نومنتخب وزیراعظم سے اچھائی کی کوئی امید نہیں، شہباز شریف

نومنتخب وزیراعظم سے اچھائی کی کوئی امید نہیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نو منتخب وزیراعظم سے اچھائی کی کوئی امید نہیں۔ پنجاب اسمبلی نے ستاون ارب چودہ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ضمنی بجٹ کی منظوری دے دی۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ چار سال میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے بجلی کی غیر منصفانہ تقسیم سے پنجاب کو انتقام کا نشانہ بنایا۔ مرکزی حکومت کا رویہ بغض پر مبنی ہے جس کی وجہ سے ہر طبقہ کے لوگ متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ لوڈشیڈنگ کے خلاف حکومت سے تعاون کیا لیکن اس کے باوجود صوبے کے عوام کو بد ترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ 

وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو جلد ہی نئے انتخابات سے متعلق اپوزیشن کے مطالبے پر سرنڈر کرنا پڑے گا۔ یوسف رضا گیلانی کو بھی ملکی معاملات احسن طریقے سے چلانے کے لئے دس نکاتی ایجنڈا دیا لیکن حکمرانوں نے اداروں سے تصادم کی راہ اختیار کی۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا سونامی بدنامی بن کر سمندر میں غرق ہو چکا ہے۔ عام انتخابات میں عمران خان کو اپنی مقبولیت کا اندازہ ہو جائے گا۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں دھرم پورہ ڈرین کی تکمیل نہ ہونے پر واسا کے ذمہ داروں کو معطل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں علی الصبح مختلف تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت میں دلچسپی نہ رکھنے والے افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر علامہ اقبال روڑ کے توسیعی منصوبے اورسیوریج کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ شہبازشریف نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور تیز رفتار تکمیل ان کی اولین ترجیح ہے۔
خبر کا کوڈ : 173737
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش