0
Wednesday 27 Jun 2012 01:41

ملت جعفریہ وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کیلئے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کرتی آئی ہے، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان

ملت جعفریہ وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کیلئے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کرتی آئی ہے، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ ہاشم موسوی، بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی اور سید یوسف آغا نے ایم ڈبلیو ایم ضلع کوئٹہ کے دفتر الحجتہ ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم جولائی 2012ء کو مینار پاکستان میں ہونے والی قرآن و سنت کانفرنس پاکستان کے غیور اور باشعور عوام میں وحدت امت اور ملک کے خلاف ہونے والی عالمی سازشوں کی ناکامی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اس وقت اندرونی و بیرونی سازشوں کا شکار اور شدید بحرانوں سے دوچار ہے۔ کراچی جل رہا ہے، بدامنی، دہشتگردی، مسخ شدہ لاشیں، اغواء برائے تاوان، لوٹ مار، کرپشن اور بجلی کے بحران کی وجہ سے پاکستان میں بسنے والے عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کی سرپرستی میں دہشتگردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ عالمی استعمار امریکہ، اسرائیل اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف سازشوں کا سلسلہ تیز تر ہو گیا ہے۔ جس کا مقصد وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار اور عالمی استعمار کے ناپاک عزائم کی پاکستان کی سرزمین پر تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کو ہوا دینے اور امت کی وحدت کے خاتمے کیلئے امریکی استعمار، اسرائیلی لابی اور اسلام دشمن قوتیں اپنے ایجنٹوں کو بھرپور طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بے گناہ محبّ وطن مسلمانوں کو بسوں سے اتار اتار کر قتل، اور مساجد اور جلوسوں سمیت دیگر مقامات پر بم دھماکوں کے ذریعے علماء کرام کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جانا امریکی استعماری قوتوں کی ناپاک سازشوں کا حصّہ ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزیاں، فوجی جوانوں کے قتل عام اور ڈرون حملوں کے باوجود ڈھٹائی کے ساتھ  نیٹو سپلائی کی بحالی کا امریکی مطالبہ ہمارے حکمرانوں کی کمزور پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ جو ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کیلئے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ اور ہر مشکل وقت میں اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر پاکستان کیلئے بے لوث قربانیاں دی ہیں۔ جبکہ مملکت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار بنانے کیلئے کی جانے والی عالمی بیرونی اور اندرونی سازشوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیتی رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ آج ایک مرتبہ پھر ملت جعفریہ پاکستان اپنے آبا و اجداد، قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، راجہ صاحب محمود آبادی، محمد علی حبیب، مرزا ابوالحسن اصفہانی و دیگر اکابرین کی محنتوں کی حفاظت کی خاطر میدان میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتوں کی اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکامی سے دوچار کرنے کیلئے ماضی کی طرح سینہ سپر جدوجہد کرینگے۔ خواہ اس کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ قرآن و سنت کانفرنس کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کارکنان کانفرنس کی تیاریوں میں دن رات مصروف عمل ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یکم جولائی کو مینار پاکستان پر ہونے والی قرآن و سنت کانفرنس میں شرکت کیلئے ملک بھر میں علماء کرام، عمائدین کو دس ہزار دعوت نامے جاری کئے جا چکے ہیں۔ قرآن و سنت کانفرنس میں ملت جعفریہ اور وطن عزیز پاکستان کے دفاع، اتحاد بین المسلمین، کرپشن کے خاتمے، مملکت کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ، ملک میں فرقہ واریت کی سازشوں کو ناکام بنانے اور بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان جامع روڈ میپ پیش کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 174576
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش