0
Thursday 28 Jun 2012 02:25

حکومت عوام کو سہولیات اور امن فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، شبیر احمد خان

حکومت عوام کو سہولیات اور امن فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، شبیر احمد خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ حکمرانوں کی کرپشن اور بدانتظامی کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میاں منڈی مہمند ایجنسی میں جماعت اسلامی مہمند ایجنسی کے زیر اہتمام بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کی قیادت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان،جماعت اسلامی فاٹا کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منصف خان اور جماعت اسلامی مہمند ایجنسی کے امیر محمد سعید خان کررہے تھے۔

مظاہرین لوڈشیڈنگ بندکرو، ظالم اور کرپٹ حکومت نامنظور، بجلی چور حکومت مردہ باد۔ کے نعرے لگارہے تھے۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھار کھے تھے۔ جن پر لوڈشیڈنگ اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شبیر احمدخان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے تین گنا زیادہ بجلی پیدا کر رہا ہے تو پھر صوبہ میں 18 تا 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا کیا جواز باقی رہ جاتا ہے۔ اُنہوں نے بدھ کے روز ایک روپیہ 51 پیسے یونٹ بجلی مزید مہنگی کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو سہولیات اور امن فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ اس لئے حکومت کو فوراً مستعفی ہونا چاہیئے۔ 

اس موقع پر جماعت اسلامی فاٹا کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منصف خان اور مہمند ایجنسی کے امیر محمد سعید خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صنعتی سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئی ہیں۔ معیشت کا پہیہ روز بروز نیچے آرہا ہے۔ عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ حکمرانوں کو لوڈشیڈنگ ختم کرنا ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کر رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 174933
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش