0
Sunday 1 Jul 2012 23:59

پنجاب حکومت کا ہڑتالی ڈاکٹروں کو برخواست اور بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا ہڑتالی ڈاکٹروں کو برخواست اور بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے ہڑتالی ڈاکٹروں کو فوری طور پر نوکری سے برخواست کرکے بلیک لسٹ کرنے اور برٹش کالج آف فزیشن کو ان کے نام کریمنل ریکارڈ کیلیے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں کے نام خلیجی ممالک سمیت دیگر سفارتخانوں کو بھی ارسال کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ان کے نام فیڈرل اور پبلک سروس کمیشن کو بھی بھیج دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ صحت نے انتظامی اور سینئر ڈاکٹروں کو صبح آٹھ بجے طلب کرلیا ہے جبکہ ملٹری ڈاکٹرز بھی صبح آٹھ بجے سے ہسپتالوں میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت کو ملازمت کے منتظر ایک ہزار ڈاکٹروں کی فہرستیں بھی فراہم کر دی ہیں۔ 

یاد رہے کہ ینگ ڈاکٹرز چودہ دن سے مسلسل ہڑتال پر ہیں جسکے باعث مسلسل چودھویں روز بھی ہسپتالوں میں مریض علاج کیلئے ترس رہے ہیں۔ ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے کے حکومتی اعلان کے باوجود اتوار کے روز آؤٹ ڈورز بند ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال چودھویں روز بھی جاری ہے۔ آؤٹ ڈورز مسلسل بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں مریض اور ان کے لواحقین شدید اذیت کا شکار ہیں۔ علاج معالجہ نہ ہونے کی وجہ سے تنگ آئے مریضوں نے ہسپتالوں میں احتجاجی مظاہرے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ بےیارو مددگار پڑے مریض جھولیاں پھیلا پھیلا کر ہڑتالیوں کو بدعائیں دے رہے ہیں۔ دوسری طرف حکومت کی طرف سے ہفتہ وار چھٹی منسوخ کرنے کے اعلان کے باوجود اتوار کے روز آؤٹ ڈور بند ہیں اور سینئر ڈاکٹر ڈیوٹی پر نہیں آئے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق پیر کے دن سے سینئر ڈاکٹرز اور ملٹری ڈاکٹرز او پی ڈیز میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔ اسی طرح نئے بھرتی ہونے والے ساڑھے چار سو سے زائد ڈاکٹرز بھی دو جولائی سے اپنے فرائض سنبھالیں گے۔
خبر کا کوڈ : 175918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش