0
Tuesday 3 Jul 2012 23:10

نیٹو سپلائی بحال کرنا ہرگز اسلام اور مسلمانوں کے مفاد میں نہیں، دفاع پاکستان کونسل

نیٹو سپلائی بحال کرنا ہرگز اسلام اور مسلمانوں کے مفاد میں نہیں، دفاع پاکستان کونسل
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل سمیت مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے نیٹو سپلائی بحالی کی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بحال کرنا ہرگز اسلام اور مسلمانوں کے مفاد میں نہیں، افغان بھائیوں کے قتل عام کیلئے دشمن ملک کی سپلائی بحال کرنا اسلامی احکامات کی سخت خلاف ورزی ہے، دفاع پاکستان کونسل نیٹو سپلائی بحالی کی کوششوں کے خلاف ملک گیر تحریک جاری رکھے گی، نیٹو سپلائی بحالی کی باتیں پاکستان کے کروڑوں عوام کی امنگوں کے خلاف ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ افغانستان میں انسانیت سوز مظالم میں ملوث نیٹو افواج کی کسی بھی نوعیت کی مدد کرنا جائز نہیں، امریکہ معافی مانگ بھی لے تو نیٹو سپلائی کسی صورت بحال نہیں ہونی چاہیے، پاکستانیوں کا خون اتنا ارزاں نہیں کہ محض معافی مانگنے پر ایک بار پھر لاکھوں مسلمانوں کی قاتل نیٹو فورسز کیلئے سپلائی بحال کر دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی، جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالقادر لونی، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی، جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے ظالموں کی سپلائی بند کرنے کا حکم دیتا ہے، یہ انسانی ہمدردی نہیں انسانیت کا قتل عا م ہے، امریکی دوستی پر فخر کرنے والے اس بات کو یاد رکھیں کہ امریکہ نے کبھی کسی سے وفاداری نہیں کی، نیٹو سپلائی روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، جو لوگ پاکستان کی سالمیت کو داؤ پر لگا رہے ہیں عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحالی کی باتیں کرنے والے سیاستدان اور حکومتی ذمہ داران امریکہ کے ساتھ کھڑے ہیں ان حالات میں ملک کا دفاع کرنا ہر شہری کا فرض بن جاتا ہے، اٹھارہ کروڑ عوام اس ملک کو امریکی غلامی سے نکالنے کیلئے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت سپلائی کھولنے والوں کو امریکیوں کی طرف سے شہید کئے گئے سات لاکھ افغان بھائیوں اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کیوں نہیں ہے؟ پاکستان بچانے کیلئے امریکہ سے دوستی اور تعاون کرنے کی سوچ درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال کرنا امریکہ کو خطہ میں کھل کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے اور یہاں مزید ٹھہرنے کی سہولیات فراہم کرنے کے مترادف ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ پرویز مشرف کے غلط فیصلوں سے پاکستان کو بہت نقصانات اٹھانا پڑے موجودہ حکمران بھی انہی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں اور مشرف سے بڑی غلطیاں کر رہے ہیں، دفاع پاکستان کونسل نیٹو سپلائی بحالی کے فیصلوں کو مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحالی کے فیصلہ سے 18 کروڑ پاکستانیوں میں سخت بے چینی و اضطراب پایا جاتا ہے، لاکھوں مسلمانوں کے قاتل اور قرآن پاک کی (نعوذ بااللہ) بے حرمتی میں ملوث نیٹو ممالک کیلئے سپلائی بحالی پاکستانی قوم کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں۔
خبر کا کوڈ : 176483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش