0
Thursday 12 Jul 2012 15:15

پاکستان کی عوام ڈسپلن کے حوالے سے اسماعیلی برادری کی تقلید کرے، مہدی شاہ

پاکستان کی عوام  ڈسپلن کے حوالے سے اسماعیلی برادری کی تقلید کرے، مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ پرنس کریم آغا خان نے پاکستان بالخصوص گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں جو کردار ادا کیا وہ نہ صرف قابل تعریف ہے بلکہ قابل تقلید بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس گلگت میں اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی تخت نشینی کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں سید مہدی شاہ نے کہا کہ آغا خان سوئم سر سلطان محمد شاہ نے تحریک پاکستان میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا اور پاکستان بنانے میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے اور اپنے دادا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آغا خان چہارم پرنس کریم پاکستان سمیت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ اسماعیلی برادری نے امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے اور میں یہ کہتے ہوئے کوئی جھجک محسوس نہیں کرتا ہوں کہ پاکستان کی عوام امن و امان اور ڈسپلن کے حوالے سے اسماعیلی برادری کی تقلید کرے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت ریجن کے صدر پروفیسر منظور علی نے کہا کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی پاکستان اور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر یوم امامت کی سالگرہ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا ہے۔ جس کے لئے گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر کی اسماعیلی جماعت شکر گزار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اپنے مذہبی پیشوا کے نقش قدم اور فرامین کی روشنی میں پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور حکومت وقت کے ساتھ تعاون کی ہدایات کی روشنی میں کوئی ایسا عمل نہیں کرینگے جس سے حکومت یا ریاست کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ محمد علی اختر، صوبائی وزیر تعمیرات عامہ بشیر احمد خان، صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی انجینئر محمد اسماعیل، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد نصیر خان، صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی حاجی گلبر خان، پارلیمانی سیکریٹری وزیر حسن اور پارلیمانی سیکریٹری برائے ورکس یاسمین نظر کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں، پی ایس ایف اور پی وائی او کے عہدیداروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر خصوصی طور پر تیار کیا گیا کیک بھی کاٹا گیا۔
خبر کا کوڈ : 178431
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش