0
Sunday 15 Jul 2012 01:25

امریکی سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہا ہے، چودھری عزیر لطیف

امریکی سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہا ہے، چودھری عزیر لطیف
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب چودھری عزیر لطیف نے کہا ہے کہ امریکی سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کے لئے کام کر رہا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ملک کے حالات انتشار اور بغاوت کی طرف بڑھ رہے ہیں، حکمرانوں کا رویہ ملکی وقار اور اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی پر مبنی ہے، جماعت اسلامی کی قیادت بے داغ، پڑھے لکھے، محب وطن اور خوف خدا رکھنے والے لوگوں پر مشتمل ہے، عوام ہمارے شاندار ماضی کو دیکھتے ہوئے آئندہ انتحابات میں جماعت کے نمائندوں کو کامیاب کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں قائم میڈیا سنٹر دارالسلام میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال، امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان پروفیسر افتخار چودھری، کنور محمد صدیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ارباب اقتدار کی ہوس زر اس قدر بڑھ چکی ہے کہ حج جیسے مقدس فریضے میں کرپشن کر کے ایک نیا باب رقم کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ صرف ٹیکسوں کا نظام غیر موثر ہونے کے باعث قومی خزانے کو ہر سال ایک ہزار ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، بجٹ میں مزید ٹیکس لگانے سے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر بوجھ بڑھے گا، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرپشن عام ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے قرضے لیکر سود کی ادائیگی کی جاتی ہے، سٹیل ملز، پی آئی اے، ریلوے ،ایف بی آر سمیت دوسرے تمام ادارے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں۔ 

اُنہوں نے کہا کہ اہم عہدوں پر پیپلز پارٹی کی حکومت ڈگریوں کے حامل افراد کو نظر انداز کر کے اپنے جیالوں کو بھرتی کر رہی ہے، روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے امریکی غلام 18 کروڑ عوام سے اپنا تعلق ختم کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کا نہ ر کنے والا سلسلہ جاری ہے، جس میں صرف بے گناہ افراد، خواتین اور بچوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے، پوری قوم نیٹو سپلائی کی بحالی پر شدید مذمت کرتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مو جودہ حالات کی جتنی ذمہ داری پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں پر عائد ہوتی ہے اتنی ہی ذمہ داری مسلم لیگ (ن) پر بھی عا ئد ہوتی ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف اور زرداری سمیت دوسرے حکمران بھی غیر ملکی بنکوں سے اپنا پیسہ ملک کے اندر لے آئیں تو ملک خوشحال ہو سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے مالا مال ہے، اگر ملک کو درست سمت چلایا گیا ہو تا تو آج معیشت کی بحالی کے لئے آئی ایم ایف اور دوسرے ممالک کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑتے۔
خبر کا کوڈ : 179147
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش