0
Thursday 2 Aug 2012 15:39

قیام پاکستان میں طلبہ نے قائداعظم کے ہراول دستے کا کردار ادا کیا، سرتاج عزیز

قیام پاکستان میں طلبہ نے قائداعظم کے ہراول دستے کا کردار ادا کیا، سرتاج عزیز
اسلام ٹائمز۔ ملک کو موجودہ بحرانوں اور مشکلات سے نکالنے کیلئے تحریک پاکستان والے جذبے کو ازسرنو بیدار کرنے کی ضرورت ہے، تحریک پاکستان میں نوجوانوں بالخصوص طلبہ نے قائداعظم کی قیادت میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے کارکن اور سابق وفاقی وزیر سرتاج عزیز نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں تقریبات یوم آزادی کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ لیکچر کے دوران طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ قائداعظم نے ہندوؤں اور انگریزوں کی سازشوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا، 1945-46ء کے انتخابات میں مسلم لیگ کی کامیابی نے قیام پاکستان کی راہ مزید ہموار کر دی اور ان انتخابات میں مسلم لیگی امیدواروں کی کامیابی کیلئے طالبعلموں بالخصوص اسلامیہ کالج لاہور کے طلبہ نے کلیدی کردار ادا کیا، میں نے بھی اسلامیہ کالج لاہور کے طالبعلم کی حیثیت سے انتخابات میں مسلم لیگی امیدواروں کی کامیابی کیلئے دوسرے طلبہ کے ہمراہ دن رات کام کیا، ہم نے مسلمانوں کو ہندو بنیے سے نجات اور اسلامی نظام کے قیام کیلئے ایک الگ وطن کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم فرمایا کرتے تھے کہ طلبہ میرے بے غرض سپاہی ہیں اور آپ ہی کے کہنے پر حمید نظامی نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی بنیاد رکھی اور تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ایم اے صوفی نے کہا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کے آزاد وطن کے حصول کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں اور توانائیاں وقف کر دیں، آپ کی قیادت میں مسلمانان برصغیر نے تاریخ ساز جدوجہد میں حصہ لیا۔ ملک یٰسین نے کہا کہ آزادی سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں، یوم آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں تحریک پاکستان اور بعدازاں ہجرت کے دوران مسلمانان برصغیر کی طرف سے دی جانیوالی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 184367
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش