0
Thursday 2 Aug 2012 15:30

دہشت گردی اور معاشی بحران سمیت پاکستان کی تمام مشکلات کا ذمہ دار امریکہ ہے، رحمت وردگ

دہشت گردی اور معاشی بحران سمیت پاکستان کی تمام مشکلات کا ذمہ دار امریکہ ہے، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ توانائی کے مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس /گول میز کانفرنس کرنے والے ہی توانائی بحران کے ذمہ دار ہیں جنہوں نے کالاباغ ڈیم سمیت بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کی مخالفت کر کے پاکستان کو توانائی کے بحران میں مبتلا کیا اور اب آل پارٹیز کانفرنس/ گول میز کانفرنس اگر واقعی پاکستان کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہے توآل پارٹیز کانفرنس/ گول میز کانفرنس کا ’’ون پوائنٹ‘‘ ایجنڈہ ہونا چاہئے جس میں واٹر ویژن 2016ء پر فوری عملدآمد کا متفقہ اعلامیہ جاری کیا جائے کیونکہ یہی سیاسی جماعتیں ہی اپنی نااہلیوں کی وجہ سے پاکستان کے تقریباً تمام مسائل کی ذمہ دار ہیں اور ان سیاسی جماعتوں کی کانفرنسوں سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہو گا کیونکہ یہ تمام سیاسی جماعتیں امریکی مفادات کی تکمیل کی ضامن ہیں اور کبھی بھی پاکستان کا مفاد عزیز نہیں رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان سیاسی جماعتوں کو پاکستان کے مسائل کا اس قدر احساس ہے تو فوری طور پر توانائی کے بحران کے حل کیلئے آل پارٹیز کانفرنس/ گول میز کانفرنس میں واٹر ویژن 2016ء پر عملدآمد کااعلان کر کے اس میں شامل کالا باغ ڈیم سمیت تمام بڑے آبی ذخائر کی فوری طور پر متفقہ تعمیر کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاسی جماعتوں کی صرف آل پارٹیز کانفرنس/ گول میز کانفرنسوں سے پاکستان کے مسائل پر کوئی اثر نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے قیام پاکستان سے اب تک پاکستان میں مداخلت کی ہے اور اپنی صوابدید پر سیاستدانوں اور جرنیلوں کو اقتدار دیکر امریکہ کے مفادات کا تحفظ کیا گیا ہے اور امریکہ روز اول سے ہی پاکستان کے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے اور اسی سلسلے میں بنگلہ دیش بھی امریکی سازش سے بنا تھا اور اب دوبارہ امریکہ پاکستان کے 4 مزید ٹکڑے کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی، توانائی بحران، علیحدگی پسندی، معاشی بحران اور تمام تر مشکلات کا ذمہ دار امریکہ ہی ہے اور اکثریت سیاسی جماعتوں کی مدد کے باعث امریکہ اپنی سازشوں میں کامیاب رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے کہ عوام حقیقی ملک پرست قیادت کو منتخب کریں جو اقتدار سنبھالتے ہی واٹر ویژن 2016ء پر عملدرآمد کر کے کالا باغ ڈیم سمیت تمام بڑے آبی ذخائر کی تعمیر شروع کر دے اور تمام میگا پروجیکٹس کیلئے فوری طور پر B.O.T. کے تحت چین سے معاہدے کر کے کام کا آغاز کر دے اس کے علاوہ امریکہ و دیگر ممالک کے دباؤ کو پس پشت ڈال کر پیٹرولیم و گیس کے لئے ایران سے فوری طور پر معاہدے کر کے پاکستان کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے انقلابی اقدامات کرے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کے مخالف سیاستدان ملک دشمن ہیں اور انہیں آئندہ انتخابات میں یکسر مسترد کر دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 184362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش