0
Monday 6 Aug 2012 20:11

امت مسلمہ کے خلاف گھناؤنی سازش ہو رہی ہے، قاضی حسین احمد

امت مسلمہ کے خلاف گھناؤنی سازش ہو رہی ہے، قاضی حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان دن بدن بحرانوں کا شکار ہو رہا ہے، موجودہ حالات میں ملکی مسائل کا حل دیانت دار قیادت ہی تلاش کر سکتی ہے، وہ وقت دور نہیں جب اسلام کے نام لیوا برسر اقتدار آ کر ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے، عوام ہمارا ساتھ دیں، آزمائے ہوؤں کو مزید نہ آزمایا جائے، رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں بھی لوڈشیڈنگ نے حکومتی تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت کر دئیے۔

ان خیالات کا اظہار سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد، لیاقت بلوچ، ڈاکٹر سید وسیم اختر، ظہور احمد وٹو، مولانا جاوید قصوری، عبدالعزیز عابد و دیگر مقررین نے منصورہ میں افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قاضی حسین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کے خلاف گھناؤنی سازش ہو رہی ہے، برما، آسام، عراق اور افغانستان میں لاکھوں مسلمانوں کو ذبیح کر دیا گیا مگر مجال ہے کہ انسانیت کے علمبردار ممالک، این جی اوز اور حکومت پاکستان نے اس کی مذمت تک کی ہو، اسلام اور پاکستان کے خلاف کفار کی طاقتیں متحد ہو چکی ہیں، دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی ریاست پاکستان کا وجود دنیا کو برداشت نہیں، امت مسلمہ کو طاغوتی قوتوں کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی اور انقلاب کا واحد راستہ اللہ اور اس کے رسول (ص) کی سنت پر کاربند ہونا اور دیانت دار قیادت کے انتخاب کا ہے، موجودہ حالات میں انتخابات کا فیصلہ ملکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔ لیاقت بلوچ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا واحد مسئلہ کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست ہے، حکمرانوں ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں لوڈشیڈنگ سے ہر سال 2 ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے، چار لاکھ مزدور توانائی کے بحران سے بے روزگار ہو رہے ہیں، پڑھے لکھے نوجوان ملک سے ہجرت کر رہے ہیں، ہرطبقہ موجودہ حکمرانوں سے مایوس ہو چکا ہے، اسمبلیاں 18 کروڑ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ بہادر پاکستانی معاملات میں مداخلت کا سلسلہ بند کر دے، امریکی غلام حکمرانوں سے عوام کو خیر کی توقع نہیں، نیٹو سپلائی کی بحالی سلالہ پوسٹ کے شہدا کے خون سے غداری کے مترادف ہے، ملک کو موجودہ حالات سے نکالنے کے لیے جنرل الیکشن کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے مسائل اور ان کے حل کی بات کی ہے، ماہ مقدس میں ہمیں چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ نیکیاں حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش کریں، روزہ ہمیں گناہوں سے نجات دلاتا ہے، اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انگریز کا قانون رائج نہیں ہو سکتا، اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اللہ اور اس کے رسول (ص) کا قانون ہی نافذ العمل ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 185431
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش