0
Monday 6 Aug 2012 16:44

شمالی وزیرستان میں آپریشن کیلئے دباؤ امریکہ کا نیا پینترا ہے، لیاقت بلوچ

شمالی وزیرستان میں آپریشن کیلئے دباؤ امریکہ کا نیا پینترا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ یونین پارک لاہور میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی دو رنگی کا شکار ہے، ایک طرف عدالت پر رکیک حملے اور عدلیہ کی بدترین توہین کی جا رہی ہے، دوسری جانب عدالت میں ہی اپیل کرنے کا فیصلہ بھی کیا جا رہا ہے، صدر آصف زرداری نے قانون کی ساری تعلیم جیل سے حاصل کی ہے اس لیے وہ عدلیہ، ججوں کو دبانے دھمکانے اور التجا کی پالیسی پر گامزن ہیں، عدلیہ کی پشت پر اٹھارہ کروڑ عوام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کے ساتھ تصادم کی حکمت عملی صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے لیے تباہ کن ثابت ہو گی، جب یوسف رضا گیلانی کے بحرانی مراحل میں ایوان صدر نے عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تسلیم کر لیا تو اب وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے لیے سوئس حکام کو خط لکھنے کے سوا کوئی آپشن نہیں، عدالتی فیصلہ کے بعد پی پی پی قائدین کے ہوش اڑ گئے ہیں، مسلسل چوری پکڑے جانے پر قائدین بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو غیرمستحکم اور ناکام ریاست ثابت کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے جبکہ پاکستانی حکمران خوف، لالچ اور بزدلی کی وجہ سے امریکہ کے مقابلہ میں درست سمت میں اقدامات کی بجائے امریکی ڈکٹیشن قبو ل کر رہے ہیں، نیٹو سپلائی بحالی کے ساتھ ڈرون حملے اور شمالی وزیرستان میں آپریشن کے لیے دباؤ امریکہ کا نیا پینترا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاقبت نااندیش بزدل حکمرانوں نے نیٹو سپلائی بحال کر کے قومی وقار، آزادی اور خودمختاری کا سودا کیا ہے، بھارت کی طرف سے پاکستانی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت بھی امریکی گریٹ گیم کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر رہا ہے، کشمیر کے متنازع مسئلہ کو حل نہ کر کے پورے خطہ کو بدامنی کی آماجگاہ بنا چکا ہے اس لیے پاکستانی سرمایہ کار بھارت کی پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشی اقدامات کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنی ذاتی مفاد کی خاطر کشمیر جیسے اہم مسئلہ کو پس پشت ڈال دیا ہے اور اب پوری دنیا میں مسلم حکمرانوں کی وجہ سے امت زوال کا شکار چلی آ رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 185383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش