0
Thursday 16 Aug 2012 05:16

یوم القدس کے موقع پر فلسطین کے سابق وزیر خارجہ اور حماس کے رہنما محمود الزھار کا پیغام

یوم القدس کے موقع پر فلسطین کے سابق وزیر خارجہ اور حماس کے رہنما محمود الزھار کا پیغام
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے مرکزی رہنما محمود الزھار نے عالمی یوم القدس کے موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماہ رمضان ماہ فضیلت ہے۔ دعا ہے کہ یہ مہینہ سب کیلئے باعث رحمت ہو۔ عزیز دوستو! اسرائیل جیسے غاصب دشمن کی جانب سے ہماری سرزمین پر قبضہ امت کی بنیادوں کو تباہ کر رہا ہے۔ یہ اس سرزمین کے تمام باسیوں اور امت کے تمام فرزندوں کا خون چوسنے کے مترادف ہے۔ یہ زمین کے مکرم ترین افراد کا خون چوسنا ہے جیسا کہ ہمارے پروردگار کا ارشاد ہے کہ ہم نے بنی آدم ؑ کی اولاد کو قابل صد احترام و اکرام بنایا اور ہم نے ان کو خشکی اور تری یعنی شہروں اور صحراؤں اور سمندروں میں مختلف سواریوں پر سوار کیا اور ہم نے انہیں پاکیزہ چیزوں سے رزق عطا کیا اور ہم نے انہیں اکثر مخلوقات پر جنہیں ہم نے پیدا کیا ہے فضیلت دے کر برتر بنا دیا۔

وہ مسلمانوں کی سرزمین کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اسلام کے تیسرے حرم مقدس ( مسجد اقصیٰ ) کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ہمارے عقیدے اور مقدسات کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اور یہ تمام مسلمانوں کے خلاف سنگین جرم کا ارتکاب ہے۔ اسرائیل کا یہ غاصبانہ قبضہ امت کی کرامت و عزت پر قبضہ ہے، ہر انسان کی عزت پر قبضہ ہے۔ آج آپ کے یہاں اکھٹے ہونے کا مقصد فلسطین کی آزادی یعنی امت کی عزت کو لوٹانا ہے۔ اس کی سرزمین کی حفاظت کرنا ہے اس کے مقدسات کی حفاظت کرنا اس کی بنیادوں کی حفاظت کرنا ہے اور اس جارح اور اس کے ظالم ساتھیوں سے امت کی عزت و کرامت کی حفاظت کرنا ہے۔ بھائیو اور بہنو! دنیائے اسلام کے جوان اپنی آواز کو مجتمع کریں اور صرف اللہ کی رضا کو بنیاد بناکر اللہ کی جانب دعوت دیں اور مظلوم عوام کی مدد کریں اور آپ سے گزارش ہے کہ اس سلسلے میں آواز اٹھائیں۔

مسلم ممالک برما کا مکمل بائیکاٹ کریں جو ہمارے فرزندوں کو ذبح کر رہے ہیں۔ اس ملک میں ہمارے عزیز بیٹوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ مستقبل میں دنیا پر غلبہ پانے والے عظیم مذہب اسلام کے بیٹوں کا قتل عام بند کیا جائے۔ ان تمام مجرموں کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرنا چاہئے، ہم اپنے اسلامی ممالک میں تمام ادیان کے ماننے والوں کو اس بات کا حق دیتے ہیں کہ وہ آزادانہ اپنی عبادات بجالاتے ہیں اور انہیں مکمل طور پر ایک شہری کے حقوق حاصل ہیں لیکن برما میں ہم اپنے بھائیوں کو ایسی مصیبت میں دیکھیں یہ ہمیں قابل قبول نہیں ہے۔

آپ سب کے کاندھوں پر فلسطین کی آزادی کی ذمہ داری ہے۔ جو بھی اس ذمہ داری کو ادا نہ کرے اللہ اس سے ضرور سوال کرے گا۔ ہم فلسطین کے فرزند اپنی قیمتی ترین چیز قربان کرنے کو تیار ہیں اور ہم نے ایسا کر دکھایا ہے اور اب بھی ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ آج ہم عرب ممالک کے ان مبارک انقلابات کے بعد فلسطین کی آزادی نزدیک ہوچکی ہے۔ سلام ہو ان پر جنہوں نے آزادی فلسطین کیلیے مدد کی ہے۔ ہم قسم کھاتے ہیں کہ فلسطین کو بحر سے نہر تک شمالی سے جنوب تک آزادکرا کے رہینگے اور یہ ایک قرآنی حقیقت ہے۔ ہمیں انسانی مدد کی ضرورت نہیں، لیکن آپ سے دعا کی اپیل ہے تاکہ اللہ کے حضور یہ کہہ سکو کہ ہم نے فلسطین کے لیے کچھ پیش کیا ہے۔

میں آپ کے توسط سے یورپ کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم پر ظلم نہ کرو ہم آپ کے دشمن نہیں ہیں۔ ہم آپ کو دنیا میں موجود ایک حقیقت کے طور پر ہی جانتے ہیں۔ لیکن یہ حقیقت باہمی تعاون اور مشترکہ انسانی اہداف جیسے مفاہیم سے عبارت ہونی چاہیے۔ ہم کسی کے دشمن نہیں ہیں لیکن ہم پر حملہ ہو تو پھر بغیر جواب کے نہیں چھوڑتے۔ یورپ نے اس غاصب ریاست کے قیام کی شکل میں ہم پر ظلم ڈھایا ہے تو اس کا جواب فلسطین کی مکمل آزادی کی شکل میں دیں گے۔ فلسطین آزادی کے متوالوں کے لیے سیاسی قبلہ ہے۔ حماس اور منتخب حکومت میں موجود آپ کے بھائی اور فلسطین کے عوام آپ کے لیے محبتوں اور اظہار تشکر کا پیغام دیتے ہیں اور اس ماہ فضیلت میں دعا گو ہیں کہ اللہ کی نعمتیں آپ پر نازل ہوں اور دعا ہے کہ عنقریب مسجد اقصٰی میں سب نماز شکرانہ ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 187906
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش