0
Wednesday 29 Aug 2012 22:59

حکومت کی طرف سے جمہوری ہونے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، سید منور حسن

حکومت کی طرف سے جمہوری ہونے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ زرداری نے جمہوریت کو چلایا نہیں چلتا کر دیا ہے، ساڑھے چار سال ملک میں جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت مسلط رہی جو حکومت اپنے پورے دور میں پارلیمنٹ کی قراردادوں اور اعلیٰ عدلیہ کے کسی ایک فیصلہ پر بھی عمل درآمد کے بجائے اداروں سے تصادم اور ملکی سا لمیت و خودمختاری کے علیٰ الرغم امریکی ایجنڈے پر کاربند رہی، اس کی طرف سے جمہوری ہونے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کے اس بیان کہ ’’ساڑھے چار سال میں ثابت کر دیا کہ ہم جمہوریت چلا سکتے ہیں‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ زرداری ایسے بیانات سے پتہ نہیں کس کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کی حکومت کے دور میں عوام پر جو عذاب نازل کیے گئے ہیں ان کی فہرست بہت طویل ہے، بدترین لوڈشیڈنگ، مہنگائی بے روزگاری، بدامنی، امریکی غلامی، اغوا برائے تاوان، قتل و غارتگری، ڈاکہ زنی، قرضوں کی معیشت، بھارت جیسے دشمن ملک کے ساتھ پیار کی پینگیں چند نمایاں مثالیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کو مسلسل امریکی جارحیت کا سامنا ہے اور ملک ڈرون حملوں کی نرسری بنا ہوا ہے جبکہ فوج اور حکومت کی طرف سے مکمل خاموشی اس بات کا اظہار ہے کہ ہمارے ساتھ یہ سب کچھ ان کی مرضی سے ہو رہا ہے، کسی صورت بھی امریکی اور نیٹو مفاد کے خلاف نہیں جا سکتے، چیف الیکشن کمشنر کی دیانت داری مسلمہ ہے وہ کسی دباؤ میں آ کر استعفٰی نہ دیں، اٹھارہ کروڑ عوام ان کی پشت پر ہیں، ان کی تعیناتی سے شفاف الیکشن کی جو تھوڑی بہت امید بندھی ہے ان کے استعفٰی دینے سے وہ دم توڑ جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ووٹر لسٹیں بھی غلطیوں سے پاک نہیں لیکن چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں دھاندلی کے امکانات کو ختم نہیں تو بہت کم کیا جا سکتا ہے، حکومتی اتحاد کے مقابل اب تک گرینڈ الائنس بن جانا چاہئے تھا، گرینڈ الائنس کا معرض وجود میں آنا انتہائی ضروری ہے خواہ وہ الیکٹوریل نہ ہو، بھارت کی آبی جارحیت کے نتیجے میں سیلاب کے خطرے سے نپٹنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بہت بڑے علاقے پر سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے اور لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کوئی حفاظتی تدابیر نہیں کی جا رہیں۔

سید منور حسن نے کہا کہ زرداری اپنے اقتدار کو امریکی عطا اور اس کے مرہون منت سمجھتے ہیں ان کی نظر میں امریکی مفادات کی تکمیل ہی ان کے اقتدار کی ضمانت ہے لہٰذا وہ کسی صورت بھی اپنے اقتدار کو خطرے میں ڈالنے کیلئے تیار نہیں ہونگے، انہیں ملکی مفادات سے کوئی غرض ہے اور نہ وہ خود کو قوم کے سامنے جواب دہ سمجھتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ایسے حکمرانوں سے جلد از جلد نجات حاصل کی جائے۔

سید منور حسن نے کہا کہ عین اسوقت جبکہ حکومت کا اپنا چل چلاؤ ہے، نئے صوبوں کے قیام کیلئے کمیشن تشکیل دینا ملک کو انتشار اور انارکی کے حوالے کرنے کی گہری سازش ہے، حکمران جاتے ہوئے ملکی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے پر کمر بستہ ہیں، حکمرانوں کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے اور ایسے لگتا ہے کہ بندر کے ہاتھ میں ماچس آ گئی ہے اور وہ سب کچھ جلانے پر تلا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 191153
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش