0
Saturday 1 Sep 2012 16:17

اہل تشیع ہونے کی بنیاد پر ہزارہ برادری کی نسل کشی کی جا رہی ہے، الطاف حسین

اہل تشیع ہونے کی بنیاد پر ہزارہ برادری کی نسل کشی کی جا رہی ہے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں ہزارہ کمیونٹی کے افراد کے بہیمانہ قتل کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے اور اسے انسانیت کا کھلا قتل قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ بلوچستان میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے معصوم و بے گناہ افراد کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور انہیں بسوں سے اتار کر محض اہل تشیع ہونے کی بنیاد پر قتل کیا جارہا ہے، پہلے بھی مجھ سمیت اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر یقین رکھنے والے تمام سچے رہنماوٴں، علمائے کرام اور مشائخ نے ظلم و بربریت کے ان واقعات کا سلسلہ رکوانے کا بار بار مطالبہ کیا لیکن قتل و غارت گری کے ان واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا اور آج پھر کوئٹہ میں مزید 7 معصوم و بے گناہ افراد کو باقاعدہ شناخت کرکے انہیں گولیوں سے بھون دیا گیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ آج ہزارہ کمیونٹی ہی نہیں بلکہ پورے ملک کا ہرامن پسند شہری یہ سوال کر رہا ہے کہ حکومت، سیکوریٹی فورسز اور ان کی ایجنسیاں کدھر ہیں؟ آخر معصوم انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سفاک عناصر کو گرفتار کیوں نہیں کیا جارہا ہے؟ الطاف حسین نے کہا کہ میں وفاقی و صوبائی حکومت اور تمام عسکری اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے کا یہ سلسلہ بند کرایا جائے اور ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے، کہیں ایک مخصوص کمیونٹی کی نسل کشی کا یہ سلسلہ کوئی خطرناک صورت اختیار نہ کر جائے۔ الطاف حسین نے ہزار گنجی میں قتل کئے جانیوالے ہزارہ برادری کے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہزارہ کمیونٹی سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
خبر کا کوڈ : 191833
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش