0
Tuesday 4 Sep 2012 20:37

آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کرائے جائیں گے، صدر زرداری

آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کرائے جائیں گے، صدر زرداری
اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ ہمارے دور حکومت میں تمام مسائل اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاتا ہے۔ تمام مسائل کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے ممکن ہوتا ہے۔ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کرائے جائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے تمام سیاسی قوتیں اپنا کردار ادا کرتی رہیں۔ سندھ میں ایسا بلدیاتی نظام تشکیل دیا جائے جس سے عوام کے مسائل فوری حل ہوسکیں۔ وہ منگل کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کو سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے قیام کے لئے جاری کئے جانے والے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2012ء کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور صدر مملکت کو بلدیاتی نظام کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا گیا۔

صدر نے کہا کہ بلدیاتی نظام پر تمام اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کا حل ہے اور ہم اتحادی جماعتوں کے تعاون سے عوام کے مسائل کے حل اور ملکی ترقی کے لئے اقدامات کرتے رہیں گے۔ صدر نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی سمیت صوبہ بھر میں پینے کے پانی، سڑکوں کی تعمیر، سیوریج اور دیگر عوامی نوعیت کے منصوبوں کو فوری مکمل کیا جائے۔ صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اپنے اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں اور آج ملک میں جمہوریت کی مضبوطی مفاہمتی پالیسی کا نتیجہ ہے۔

صدر نے گورنر اور وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لئے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ بعد ازاں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے صدر مملکت سے ون ٹو ون ملاقات کی اور صدر کو بلدیاتی نظام کے حوالے سے جاری کئے جانے والے آرڈیننس کا ڈرافٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر نے ہدایت کی کہ بلدیاتی نظام کا معاملہ خوش اسلوبی سے جلد از جلد حل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 192754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش