0
Wednesday 5 Sep 2012 02:07

ملتان، عالمی یوم حجاب کے موقع پر جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے زیراہتمام سیمینار

ملتان، عالمی یوم حجاب کے موقع پر جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے زیراہتمام سیمینار
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی شعبہ خواتین ضلع ملتان کے زیر اہتمام عالمی یوم حجاب کے موقع پر ''عالمی یوم حجاب سیمیناز'' منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈاکٹر ثمینہ روحی (اہلیہ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر) نے کی، صدارتی خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ حجاب اُمت مسلمہ کا شعار اور معاشرے کو پاکیزگی دینے کا ذریعہ ہے، بے حیائی اور بدامنی پھیلانے کے علمبر دار امریکہ اور یورپ مسلم دنیا کو پاکیزگی سے دور کرنے کیلئے بے حیائی اور برائی کے کلچر کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے نام پر عورت کی عزت کو پامال کیا جارہا ہے، دنیا بھر میں آئے روز اسلامی شعار، خانہ کعبہ، رسول خدا (ص) اور حجاب کے خلاف بے بنیاد پرپیگنڈا کیا جاتا ہے، یورپ، بیلجیئم، فرانس اور ڈنمارک نے حجاب پر پابندی عائد کرکے مسلم دنیا کے خلاف اپنے متعصبانہ رویے کا اظہار کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جب تک پوری دنیا اور خاص طور پر پاکستان میں قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ نہیں کیا جاتا اُس وقت تک معاشرتی مسائل حل نہیں ہو سکتے، ان کا کہنا تھا کہ اسلام پاکیزہ اور پُرامن معاشرے کا درس دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھر کی غیر مسلم خواتین اسلامی نظام کو سمجھنے کے بعد مسلمان ہو رہی ہیں اور مسلم خواتین اسی نظام کیلئے اپنا تن من دھن نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ شہید حجاب ''مروة الشیر بینی'' نے شعار اسلام کی خاطر جان نچھاور کرکے مسلم خواتین کا سر فخر سے بلند کردیا ہم اسی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسلامی اور حجاب کے کلچر کو عام کرنے کیلئے کوشش کر رہی ہیں۔ 

ناظمہ صوبہ پنجاب رفیعہ فاطمہ نے کہا کہ عورت شرم و حیاء کا پیکر ہے۔ اسلامی قواعد و ضوابط پر مسلم خاتون دنیا کو تسخیر کرسکتی ہے، سیمینار سے ناظمہ ضلع ملتان لالہ رُخ، معروف مذہبی سکالر صغریٰ خاکوانی، ورکنگ وومن صوبہ پنجاب کی صدر شاہدہ پروین، دار ارقم قرآن انسٹی ٹیوٹ کی صدر شازیہ شیر افضل، ناظمہ شیر شاہ ٹائون نے بھی خطاب کیا، سیمینار گاہ کو بینرز، قرآنی آیات سے لکھے ہوئے پوسٹروں سے سجایا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 192809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش