0
Thursday 6 Sep 2012 18:05

بھکر میں خودکش جیکٹ تیار کرتے ہوئے 3 دہشت گرد ہلاک

بھکر میں خودکش جیکٹ تیار کرتے ہوئے 3 دہشت گرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ ضلع بھکر بہت بڑی تباہی سے بچ گیا خودکش جیکٹ تیار کرتے ہوئے جیکٹ پھٹ جانے سے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، دھماکہ ضلع خوشاب اور ضلع بھکر کی حدود کو ملانے والے چکوک کے درمیان واقع ویران مسجد کے ساتھ ملحقہ خالی مکان میں ہوا۔ حساس ادارے اور پولیس نے ناقابل شناخت نعشوں کو قبضہ میں لے لیا۔ ایک تیار شدہ جیکٹ بھی برآمد کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز نمازفجر کے وقت علی خیل (جنڈ اتواء) میں ایک زور دار دھماکہ کی آواز سنی گئی لیکن جگہ کا تعین نہ ہو سکا کہ دھماکہ کہاں اور کس نوعیت کا ہوا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی حساس ادارے اور پولیس حرکت میں آ گئی۔ دھماکہ کا تعین چکوک 46DB اور 47DB کے درمیان ایک ویران مسجد (صدیقہ مسجد) سے ملحقہ خالی کمرہ میں ہوا جہاں دہشت گرد خودکش جیکٹ تیار کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گرد جو جیکٹ تیار کر رہے تھے وہ تیاری کے دوران پھٹ گئی اور تینوں دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جن کے پاس سے کچھ فاصلے پر تیارشدہ ایک اور جیکٹ بھی ملی ہے۔ شدید دھماکے کے باعث چہرے جھلس جانے کی وجہ سے تینوں دہشت گردوں کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔ حساس اداروں اور پولیس نے دھماکہ کے اردگرد دیگر مقامات پر سرچ شروع کر دیا جو مبینہ طور پر ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں ہیں۔

اس موقع پر ایس پی سیف اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردوں کی تعداد تین سے زیادہ تھی کیونکہ وقوعہ کے قریب گاڑی کے ٹائروں کے نشانات بھی پائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد مبینہ طور پر خوشاب میں حساس علاقے کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جو اللہ کی مہربانی سے ناکام ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش جاری ہے اور جو بھی حقائق ہوں گے وہ میڈیا کے سامنے لائے جائیں گے ۔
خبر کا کوڈ : 193269
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش