0
Thursday 6 Sep 2012 19:17

ملک بھر میں یوم دفاع بھرپور ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

ملک بھر میں یوم دفاع بھرپور ملی جوش وجذبے سے منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر نماز فجر کے بعد ملک کے تمام گیریژنز میں ملکی سلامتی اور شہدا کیلئے دعائیں کی گئیں اور چیف آف آرمی سٹاف کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔

یوم دفاع کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے افواج پاکستان اور 18 کروڑ عوام کا جذبہ حب الوطنی اور ملک دشمن عناصر کے خاتمے کا عزم پاکستان کو ہمیشہ مستحکم اور ناقابل تسخیر رکھے گا، فوج کے ساتھ ساتھ ملک کے عوامی نمائندے بھی ملکی دفاع کیلئے پْرعزم ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ ائروائس مارشل راشد کمال کی سربراہی میں 67 مرد اور 7 خواتین کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

رسالپور اکیڈمی کے 74 کیڈٹس نے ائروائس مارشل راشد کمال کی سربراہی میں مزار قائد پر حاضری دی۔ مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یومِ دفاع پاکستان ملی اور قومی جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریبات میں پاک فوج کے جوانوں کی جرات، بہادری اور شجاعت کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گیریژن کمانڈر بریگیڈئیر مجاہد حسین نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر رینجرزکے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی، میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی پروقار تقریب ہوئی، بریگیڈئیر قیصر شہزاد نے شہید کی لحد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر فرنٹیر فورس رجمنٹ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ میجر شبیر شہید کے خاندان کے افراد بھی تقریب میں موجود تھے۔ شہر میں دیگر کئی مقامات پر بھی یومِ دفاع کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ 6 ستمبر کی تقریبات کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 193303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش